1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت نے نیوزی لینڈ کے سامنے مشکل ہدف رکھ دیا

5 نومبر 2010

بھارت نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 487 رنز بنا کر مہمان ٹیم کے سامنے ایک مشکل ہدف رکھ دیا ہے، جس نے دوسرے دن کے اختتام پر دو وکٹوں کے نقصان پر 69 رنز بنائے ہیں۔

https://p.dw.com/p/Q06M
تصویر: AP

نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا یہ پہلا میچ ہے، جو احمد آباد میں کھیلا جا رہا ہے۔ جمعہ کو دوسرے دن کے اختتام تک نیوزی لینڈ نے 28 اوورز کا کھیل مکمل کیا ہے، جس میں اس کی ٹیم نے دو وکٹوں کے نقصان پر 69 رنز بنائے ہیں۔ مہمان ٹیم کے لئے اس کی اننگز کا آغاز کچھ اچھا ثابت نہ ہوا۔ اس کی دو وکٹیں 27 کے سکور پر ہی گر گئی تھیں۔

تاہم بعدازاں برینڈن میکلم اور روس ٹیلر کریز پر جمے رہے۔ ابھی تک میکلم نے 38 اور ٹیلر نے 18 رنز بنائے ہیں۔ قبل ازیں میزبان ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں مہمانوں کے سامنے 487 کا بھاری ٹوٹل رکھ دیا تھا۔ بھارتی ٹیم نے پہلے روز ہی وریندر سہواگ کی شاندار اننگز کی بدولت تین وکٹوں کے نقصان پر 329 رنز بنائے۔ جمعہ کو ہربھجن سنگھ نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 69 رنز بنائے، انہوں نے پانچ چوکے اور تین چھکے لگائے۔ وہ میزبان ٹیم کی جانب سے مزید تین وکٹوں کے نقصان کے بعد کریز پر آئے تھے۔

Cricket - England gegen Indien
ہربھجن سنگھتصویر: AP

جمعرات کو دن کے اختتام پر سچن تندولکر 13 اور وی وی ایس لکشمن سات رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے، جو 40 کا انفرادی سکور ہی بنا سکے۔ یوں جمعہ کو دوسرے دن کے کھیل میں ہربھجن سنگھ ہی بہترین بلے باز ثابت ہوئے۔ اس ٹیسٹ میچ کے پہلے روز وریندر سہواگ نے 173 اور راہول ڈراوڈ نے 104 رنز بنائے تھے۔

دونوں ملکوں کے درمیان اس ٹیسٹ سیریز میں تین میچ کھیلے جائیں گے۔ دوسرا میچ 12 نومبر سے حیدرآباد میں جبکہ فائنل ٹیسٹ 20 نومبر سے ناگپور میں کھیلا جائے گا۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: مقبول ملک