1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت، سری لنکا: تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کا پہلا دن

3 اگست 2010

بھارت اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹیسٹ میچ شروع ہو گیا ہے۔ سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

https://p.dw.com/p/Ob1t
سری لناکا کے بلے باز مہیلا جے وردھنتصویر: AP

سری لنکا کے شہر کولمبو کے پی سارا اوول میں میزبان ٹیم کے کپتان سنگاکارا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ یہ فیصلہ سنگاکارا کو قدرے مہنگا پڑا جب ایشانت شرما نے اوپنر پران وتانا کواس وقت آؤٹ کردیا، جب ٹیم کا سکور پندرہ تھا۔ پران وتانا کا کیچ وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی نے پکڑا۔ دوسری وکٹ پر کپتان سنگاکارا اور تلک رتنے دلشان کے درمیان 87 رنز کی شراکت قائم رہی۔ کھیل ختم ہونے تک سری لنکا کی ٹیم نے بھارت کے خلاف چار وکٹوں کے نقصان پر 293 رنز بنائے تھے۔ سنگاکارا 75 رنز پرآؤٹ ہوئے۔ خراب روشنی کی وجہ سے جب پہلے روز کا کھیل مقررہ وقت سے قبل ختم ہوا توکریز پر اینجلو میتھیوز 26 اور تھیلان سماراویرا 65 کے ناٹ آؤٹ سکور پر موجود تھے۔ مہیلا جے وردھنے اس دوران اپنی 36 ویں نصف سینچری مکمل کرنے میں کامیاب رہے۔ وہ اب تک سری لنکا کے لئے 28 سینچریاں سکور کر چکے ہیں۔

سری لنکا اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرا کرکٹ ٹیسٹ میچ بھارت کے ممتاز بلے باز سچن ٹنڈولکر کے لئے ایک اور سنگ میل لے کر آیا۔ اس ٹیسٹ میچ میں شریک ہو کر ٹنڈولکر اب دنیائے کرکٹ میں سب سے زیادہ ٹیسٹ میچ کھیلنے والے کرکٹر بن گئے ہیں۔ اس میچ سے قبل وہ اپنے ملک کی 168میچوں میں نمائندگی کر چکے تھے۔ ٹنڈولکر کے علاوہ آسٹریلیا کے سابق ٹیسٹ کرکٹرسٹیو وا (Steve Waugh) نے 168ٹیسٹ میچ کھیل کر یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔ منگل سے شروع ہونے والا ٹیسٹ میچ ٹنڈولکر کا 169 واں میچ ہے۔ ٹنڈولکر نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں اپنی 48 ویں سینچری مکمل کی تھی اور وہ چودہ ہزار ٹیسٹ رنز بنانے سے بھی اب زیادہ دور نہیں ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کے رنز کی تعداد اب تک 13 ہزار 742 بنتی ہے۔

Sachin Tendulkar
سچن ٹنڈولکرتصویر: AP

بھارتی کرکٹ ٹیم اگر یہ میچ ہار جاتی ہے تو اس کو ٹیسٹ ٹیموں کی عالمی درجہ بندی میں حاصل پہلی پوزیشن پر فی الحال کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ صرف اتنا ہو گا کہ بھارت اور جنوبی افریق کی ٹیموں کے درمیان پوائنٹس کا فرق کم ہو جائے گا۔ سردست یہ فرق گیارہ پوائنٹس کا ہے۔ سری لنکا کی ٹیم یقینی طور پر کچھ وقت کے لئے ٹیسٹ سیریز جیتنے پر پانچویں پوزیشن سے چوتھی پر پہنچ جائے گی۔ موجودہ درجہ بندی میں آسٹریلیا کی ٹیم تیسرے مقام پر ہے۔ انگلینڈ کی چوتھی اور پاکستان کی چھٹی پوزیشن ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں