1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: تین ریاستوں میں انتخابات کا آغاز

13 اکتوبر 2009

بھارت کی تین ریاستوں میں آج اسمبلی انتخابات منعقد ہورہے ہیں۔ مہاراشٹر، ہریانہ اور اروناچل پردیش میں دن کے آغاز سے ووٹنگ کا ٹرن آوٴٹ بہت کم رہا۔

https://p.dw.com/p/K5At
تصویر: AP

اس سال اپریل اور مئی میں منعقدہ پارلیمانی انتخابات میں متحدہ ترقی پسند اتحاد یا یو۔ پی۔ اے کی تاریخی کامیابی کے تناظر میں آج کے ریاستی انتخابات کو کانگریس کے لئے ایک نئے امتخان سے تعبیر کیا جارہا ہے۔ ان تینوں ریاستوں میں کانگریس کی قیادت اور اس کے اتحادیوں کی حکومتیں قائم ہیں۔

بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ایک ضلع میں ووٹنگ کے عمل کے دوران ماؤنواز باغیوں کی طرف سے فائرنگ کے متعدد واقعات دیکھنے میں آئے۔

Wahlen in Indien 2009
ایلکشن کے دوران مہاراشٹر میں تشدد کے واقعات دیکھنے میں آئےتصویر: AP

تینوں ریاستوں میں پولنگ کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے سیکیورٹی کے زبردست انتظامات کئے گئے ہیں۔حکام کے مطابق صرف مہاراشٹر میں ایک لاکھ سیکیورٹی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ گزشتہ ہفتے ہی مہاراشٹر میں ماؤنواز باغیوں نے ایک حملے میں 17 پولیس اہلکاروں کو ہلاک کردیا تھا۔

مہاراشٹر میں یو۔پی۔اے کا مقابلہ ہندو انتہا پسند جماعت شیو سینا سے ہے، جو کہ قومی پارلیمان میں کانگریس کی اپوزیشن جماعت بھارتیہ جنّتا پارٹی کی نظریاتی اتحادی ہے۔

کانگریس کو ہریانہ اور اروناچل پردیش میں بھی اپوزیشن کی طرف سے شدید مقابلے کا سامنا ہے۔ ان ریاستوں میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ، کرپشن اور پانی و بجلی کی کمی جیسے بنیادی مسائل کے طور پر اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

رپورٹ: انعام حسن

ادارت: گوہر نذیر گیلانی