1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: براڈ بینڈ سپیکٹرم کی نیلامی، اربوں ڈالر کی کمائی

12 جون 2010

بھارت میں وائرلیس براڈ بینڈ سپیکٹرم کی نیلامی کا سولہ روزہ حکومتی عمل مکمل ہو گیا۔ نیلامی کے بعد مختلف کمپنیوں کی جانب سے بھارتی حکومت کو تقریباً پونے نو ارب ڈالر کی خطیر رقم فیس کے طور پر وصول ہوئی ہے۔

https://p.dw.com/p/NoyZ
بھارت میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کا ڈیٹاتصویر: UNI

بھارت میں لاسلکی براڈ بینڈ سپیکٹرم کی نیلامی میں ایک غیر معروف کمپنی انفو ٹیل (Infotel) کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ اس کمپنی کو اب بھارت کے طول و عرض میں اپنا نیٹ ورک پھیلانے میں کوئی رکاوٹ نہیں رہی۔ اس کےعلاوہ ایرسیل (Aircell) کو سات جغرافیائی حدوں میں نیٹ ورک پھیلانے میں کامیابی ہوئی۔ ایئر سیل کے زیادہ حصص کی ملکیت ملائیشیا کی میکسیز (Maxis) کمپنی کے پاس ہے۔ بھارت میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی سب سے بڑی کمپنی بھارتی ایئر ٹیل کو اور امریکی انٹر نیٹ اور موبائل کے خاص چپ تیار کرنے والی کوالاکوم کو بھی چار مختلف سیکٹرز میں اپنے نیٹ ورک پھیلانے کی اجازت حاصل ہو گئی ہے۔

بھارت ہی کی دو بڑی کاروباری کمپنیاں نیلامی کے عمل میں بڑی بولی دینے میں ناکام رہیں۔ ان میں ریلائنس اور ووڈا فون شامل ہیں۔ وائر لیس براڈ بینڈ سپیکٹرم کی تیسری جدید جینریشن کا نیٹ ورک پھیلانے کے لئے گیارہ سیکٹرز کی نیلامی کا عمل سولہ روز جاری رہا۔ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں نیلامی کا میزبان مرکزی محکمہ ٹیلی کام تھا۔

اس نیلامی کے عمل میں بڑی بڑی کمپنیوں نے اربوں ڈالر جھونک رکھے تھے۔ سولہ روزہ نیلامی کے بعد بھارت حکومت کو 8.56 ارب ڈالر یا 385 ارب روپے کی کمائی ہوئی اور اس مد میں وصول ہونے والی رقم کوحکومتی صنعتی پالیسی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے شعبوں میں بڑی کامیابی اور سرمایہ کاروں کے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد سے تعبیر کیا گیا ہے۔ مبصرین کے خیال میں اس نیلامی سے عالمی مالیاتی حدود میں بھارتی اعتبار میں بھی اضافہ یقینی ہے۔

Tamil Nadu - The Land of Tamils
ایک بھارتی شہر میں موبائل کمپنی کا لوگوتصویر: Luke Jaworski

فروری میں بھارتی وزیر خزانہ پرناب مکھر جی نے سالانہ بجٹ میں اس کا عندیہ دیا تھا کہ اس نیلامی سے حکومتی خزانے میں تقریباً آٹھ ارب ڈالر آنا یقینی ہے۔ نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم بھارتی وزیر خزانہ کے اندازے سے کہیں زیادہ ہے۔ مالیاتی امور کے ماہرین کے مطابق اربوں روپے کی اس رقم سے مرکزی حکومت اپنے سالانہ بجٹ خسارے کو مزید کم کرنے کی پوزیشن میں آ گئی ہے، جو سالانہ شرح نمو میں نکھار پیدا کرنے کا بھی باعث ہو سکے گا۔ عالمی کساد بازاری کے باوجود بھارتی صنعتی ترقی کی شرح مسلسل بہتر ہو رہی ہے۔

بھارت کا وسیع رقبہ براڈ بینڈ سروسز کے لئے کل بائیس سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اس تازہ نیلامی سے بھارت کے سبھی علاقوں میں انٹرنیٹ کی تیز رفتار سروس کے ساتھ وائر لیس موبائل فون رابطوں میں بہتری آئے گی اور ٹیلی وژن نشریات کو بھی بہتر انداز میں دیکھا جا سکے گا۔ وائر لیس براڈ بینڈ کی تیسری جینریشن کا ایک اور فائدہ یہ ہو گا کہ بڑے بڑے ڈیٹا یا اعداد و شمار کو تیز رفتاری سے ایک مقام سے دوسری جگہ منتقل کیا جا سکے گا۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں