1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی ون ڈے سکواڈ میں پٹھان کی واپسی

20 فروری 2010

بھار تی سلیکٹرز نے جنوبی افریقہ کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے لئے ٹیم میں چند اہم تبدیلیاں کی ہیں۔ آل راوٴنڈر یوسف پٹھان اور بولر پروین کمار کی واپسی ہوئی ہے جبکہ بعض نئے کھلاڑیوں کو بھی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/M4wc
یوسف پٹھان اور مہیندر سنگھ دھونیتصویر: AP

افتتاحی بیٹسمین گوتم گمبھیر گروئن انجری کے باعث ٹیم میں نہیں ہیں جبکہ کولکتہ ٹیسٹ کے دوران زخمی ہونے والے ظہیر خان بھی اب ون ڈے ٹیم میں نہیں ہیں۔

Cricketspieler Zaheer Khan
ظہیر خان کولکتہ ٹیسٹ میچ کے دوران زخمی ہوگئےتصویر: picture alliance / empics

مڈل آرڈر بیٹسمین یووراج سنگھ بھی ہاتھ میں چوٹ لگنے کی وجہ سے ون ڈے ٹیم میں شامل نہیں کئے جا سکے۔ آف سپنر ہربھجن سنگھ نے اپنی بہن کی شادی کی تقریب میں شرکت کرنے کے سبب کرکٹ بورڈ سے درخواست کی تھی کہ انہیں سکواڈ میں شامل نہ کیا جائے۔

Cricket West-Indien
جارحانہ یووراج سنگھ زخمی ہونے کے باعث سکواڈ میں نہیں ہیںتصویر: AP

پہلے دو میچوں کے لئے بھارتی سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کے نام: مہیندر سنگھ دھونی، کپتان اور وکٹ کیپر، سچن تندولکر، وریندر سہواگ، سریش رینا، رویندر جڈیجہ، سری شانت، پروین کمار، یوسف پٹھان، وراٹ کوہلی، آشیش نہرا، امت مشرا، ابھیشیک نیئر، دنیش کارتھک، سُدیپ تیاگی اور روی چندرن اشوین۔

دوسری جانب کپتان گریم سمتھ کے زخمی ہونے کے باعث اب ژاک کیلس ون ڈے سیریز میں جنوبی افریقی ٹیم کی قیادت سنبھالیں گے۔ ٹیسٹ سیریز میں تین سنچریاں بنانے والے ہاشم آملا کو ون ڈے سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

سیریز کا پہلا میچ اکیس فروری کو جے پور، دوسرا چوبیس فروری کو گوالیار جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے میچ ستائیس فروری کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: افسر اعوان