1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی فلمیں پہلے پاکستانی انٹیلیجنس ایجنسی دیکھے گی

17 جنوری 2017

بھارتی فلموں کی پاکستان میں ریلیز سے قبل ملکی انٹیلیجنس ایجنسی اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ان میں پاکستان مخالف کوئی پراپیگنڈا موجود نہ ہو۔ اس مقصد کے لیے یہ ایجنسی ان فلموں کا باقاعدہ طور پر جائزہ لے گی۔

https://p.dw.com/p/2VupH
2015 Film Phantom Katrina Kaif
تصویر: picture-alliance/AP Photo/R. Kakade

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق اس اقدام سے جنوبی ایشیا کے ان دو ہمسایہ مگر روایتی مخالف ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تناؤ کا اندازہ ہوتا ہے۔

پاکستان نے گزشتہ ماہ بھارتی فلموں کی پاکستانی سنیما گھروں میں ریلیز پر پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ یہ پابندی گزشتہ برس کے اواخر میں بھارتی زیرانتظام کشمیر میں ایک بھارتی فوجی اڈے پر عسکریت پسندوں کے حملے کے بعد عائد کی گئی تھی۔ اس حملے میں 19 بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے تھے اور دونوں ممالک کے تعلقات انتہائی کشیدہ ہو گئے تھے۔ بھارت نے اس حملے کی ذمہ داری پاکستان سے آنے والے عسکریت پسندوں پر عائد کی تھی تاہم اسلام آباد حکومت کی طرف سے اس دعوے کو رد کیا گیا تھا۔

پاکستانی وزیراعظم نواز شریف کے دفتر کے مطابق وزیراعظم نے ایک کمیٹی قائم کی تھی جس کی ذمہ داری تھی کہ وہ پاکستانی سنیما گھروں میں بھارتی فلموں کی ریلیز کے لیے ایک باقاعدہ طریقہ کار وضع کرے۔

Pakistan Plakat Film Phantom
2015ء میں ’’فینٹم‘‘ نامی بھارتی فلم کو پاکستان میں ریلیز کی اجازت نہیں دی گئی تھیتصویر: picture alliance/AP Photo/R. R. Jain

ڈی پی اے کے ذرائع کے مطابق اُس کمیٹی میں پاکستانی انٹیلیجنس ایجنسی آئی ایس آئی کا ایک اہلکار بھی موجودہ ہو گا جو ریلیز سے قبل ان فلموں کا جائزہ لے گی۔

پاکستانی سنیما بھارتی فلموں کی ریلیز سے قبل خود بھی ان فلموں کا جائزہ لیتے ہیں کہ ان میں پاکستان مخالف کوئی منظر یا ڈائیلاگ نہ ہو۔ 2015ء میں ’’فینٹم‘‘ نامی بھارتی فلم کو پاکستان میں ریلیز کی اجازت نہیں دی گئی تھی کیونکہ اس فلم میں دکھایا گیا تھا کہ بھارتی ایجنٹ پاکستان میں داخل ہوتے ہیں اور اس جماعت کے سربراہ کو پکڑ کر لے جاتے ہیں جس پر بھارتی حکومت 2008ء میں ہونے والے ممبئی حملوں کی ذمہ داری عائد کرتی ہے۔

پاکستان اور بھارت دونوں جوہری طاقت کے حامل ہیں اور 1947ء میں برطانیہ سے آزادی کے بعد سے یہ دونوں ممالک تین جنگیں لڑ چکے ہیں۔