1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بون: ماحولیاتی کانفرنس کا آغاز

29 مارچ 2009

اقوامِ متحدہ کی کانفرنس برائے ماحولیاتی تحفظ کا جرمنی کے شہر بون میں آج آغاز ہوگیا ہے۔ ایک سو اسی ممالک کے تقریباً دو ہزار نمائندے اس کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/HM5x
تصویر: AP

گیارہ روز تک جاری رہنے والی اس کانفرنس کے تمام شرکاء کی دلچسپی کا محور امریکی صدر باراک اوباما کی نئی انتظامیہ اور ماحولیاتی تبدیلی کے بارے میں ان کی پالیسی ہے۔ ایک سو نوّے ممالک سن دو ہزار بارہ تک ماحولیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے نمٹنے کے لیے سبز مکانی گیسوں کے اخراج میں کمی کے حوالے سے متفقہ حکمتِ عملی احتیار کرنے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔ سن دو ہزار بارہ میں مضر سبز مکانی گیسوں سے متعلق کیوٹو پروٹوکول اختتام پزیر ہورہا ہے اور ایک نئے معاہدے کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ دسمبر میں ڈینمارک کے شہر کوپن ہیگن میں ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق سربراہی اجلاس ہوگا۔

Demonstration für Kyoto in Washington
سابق امریکی صدر جارج ڈبلیو بش پر کیوٹو پروٹوکول پر دستخط کرنے کے لیے امریکہ سمیت دنیا بھر کے ماحول پسند افراد کا دباؤ تھاتصویر: AP


واضح رہے کہ سابق امریکی صدر جارج ڈبلیو بش کی انتظامیہ کیوٹو پروٹوکول کی حامی نہیں تھی اور ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق اس کی پالیسی کو ناقدین رجعت پسندانہ قرار دیتے تھے۔ امریکی صدر باراک اوباما انتخابی مہم کے دوران ماحولیاتی تبدیلی کو انتہائی اہم موضوع قرار دیتے رہے اور اب ماحولیاتی تبدیلی کے ماہرین کی توجّہ کا مرکز اس ضمن میں باراک اوباما کی پالیسی ہے۔

Kanzlerin Angela Merkel in Brüssel EU-Gipfel
جرمن چانسلر انگیلا میرکل کاربن ڈائی آکسائڈ گیسوں کے اخراج میں کمی کے لیے پیش پیش رہی ہیںتصویر: AP

بون میں شروع ہونے والی کانفرنس کے ساتھ ہی واشنگٹن میں ہفتے کے روز امریکی صدر اوباما نے ماحولیاتی تبدیلی کے موضوع پر کئی اجلاسوں کا سلسلہ شروع کردیا۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق ماحولیاتی تبدیلی پرایک ’میجر اکانومیز فورم‘ تشکیل دیا گیا ہے جس کا مقصد اس حوالے سے سیاسی قیادت پیدا کرنا ہے۔ مذکورہ فورم میں چین، بھارت اور برازیل سمیت سترہ ممالک شامل ہیں اور یہ سابق امریکی صدر جارج بش کے مشورے پر تشکیل دیا گیا تھا۔ باراک اوباما کے صدر بننے کے بعد اب اس حوالے سے عملی اقدامات کی امید ہوچلی ہے۔

Pressekonferenz Barack Obama
ماحول پسندوں کی امیدوں کا مرکز، نئے امریکی صدر باراک اوباماتصویر: AP


باراک اوباما کی ماحولیاتی ٹیم کے سربراہ ٹوڈ اسٹیرن بون میں جاری اس کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں اور اس حوالے سے ان کا ایک اہم بیان بھی متوقع ہے جس سے باراک اوباما کی ماحولیات سے متعلق ترجیخات کا تعین کیا جاسکے گا۔

انتخابی مہم کے دوران باراک اوباما نے کاربن ڈائی آکسائڈ کے اخراج میں دو ہزار پچاس تک یورپی یونین کی طرز پر اسی فیصد تک کی کمی کا وعدہ کیا تھا تاہم اب ان کا کہنا ہے کہ سن دو ہزار بیس تک اس حوالے سے امریکہ انیس سو نوّے کی سطح تک پہنچنے کی کوشش کرے گا۔ یورپی یونین دو ہزار بیس تک کاربن ڈائی آکسائڈ کے اخراج بیس تا تیس فیصد کمی کرنے کا اعلان کرچکی ہے۔

اس حوالے سے ابھرتی ہوئی معیشتوں، بھارت، چین اور برازیل کا کردار بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔