1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنکاک میں حالات بدستور کشیدہ

1 دسمبر 2008

تھائی لینڈ کے دارلحکومت بینکاک میں حالات بدستور کشیدہ ہیں۔ حکومت مخالف مظاہرین نے ایک مرتبہ پھر بینکاک کے دو بین الاقوامی فضائی اڈوں پر اپنی توجہ مرکوز کی ہے۔

https://p.dw.com/p/G74v
سینکڑوں سیاح ائیر پورٹ پر پھنسے ہوئے ہیںتصویر: picture-alliance / dpa

تاہم اپوزیشن جماعت ’’پیپلز ایلائنس فار ڈیموکریسی‘‘ کے رہنماٴوں نےکہا کہ انہوں نے ملکی وزیر اعظم کے دفتر کے باہر اپنے دھرنے کو سیکورٹی وجوہات کی بناء پر فی الحال ختم کردیا ہے۔ ابھی حال ہی میں اپوزیشن کے حامیوں پر ایک گرینیڈ حملے میں دو مظاہرین ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔ دریں اثناء بینکاک میں ابھی بھی غیر معمولی نوعیت کے مُظاہروں کے باعث ہزاروں غیر ملکی سیاحوں کو زبردست مشکلات کا سامنا ہے، تاہم مظاہرین نے چند خالی جہازوں کی اُڑان کی اجازت دے دی۔

Proteste in Thailand Bangkok
تھائی لینڈ میں مظاہرین ملکی وزیر اعظم کے استعفے کا مطالبہ کررہے ہیںتصویر: AP

دنیا کے مختلف ممالک بینکاک سے غیر ملکی سیاحوں کو باہر نکالنے کے لئے وہاں ایمرجنسی پروازیں روانہ کررہے ہیں۔ تھائی لینڈ میں مظاہرین ملکی وزیر اعظم کے استعفے کا مطالبہ کررہے ہیں جبکہ وزیر اعظم سومچائے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کے لئے بالکل تیار نظر نہیں آرہے ہیں۔

اس سے قبل اطلاع تھی کہ بنکاک کے دونوں ہوائی اڈوں کا محاصرہ ختم کرانے کے لئے تھائی پولیس اورمظاہرین کے مابین مذاکرات شروع ہوگئے ہیں تاہم عوامی اتحاد برائے جمہوریت PAD کے ایک ترجمان نے پولیس کے ساتھ ہوائی اڈوں کا محاصرہ ختم کرنے کے حوالے سے مذاکرات کی خبروں کومسترد کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ محاصرہ صرف حکومت کے مستعفی ہونے کے ساتھ ہی ختم ہو گا۔

Gegendemonstration Thailand Bangkok
حال ہی میں اپوزیشن کے حامیوں پر ایک گرینیڈ حملے میں دو مظاہرین ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔تصویر: AP

دوسری جانب تھائی وزیراعظم سومچائے وونگسوات کے حامیوں نے بنکاک میں حکومت کے حق میں مظاہرہ کیا۔ اطلاعات کے مطابق پروازیں معطل ہونے کے بعد بنکاک میں اس وقت کوئی ایک لاکھ غیر ملکی سیاح اورکاروباری افراد پھنسے ہوئے ہیں۔