1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بلوچستان: ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں تین سکیورٹی اہلکار ہلاک

16 نومبر 2019

پاکستانی صوبہ بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کو ایک مرتبہ پھر ٹارگٹ کیا گیا ہے۔ اس صوبے میں بلوچ علیحدگی پسندوں کے ساتھ ساتھ انتہا پسند مذہبی گروہ بھی سرگرم ہیں۔

https://p.dw.com/p/3T9B6
Pakistan Quetta Sekte Gewalt
تصویر: DW/A. Ghani Kakar

پاکستان کے جنوب مغربی صوبے بلوچستان کے وزیر داخلہ کے مطابق ایک بم پھٹنے سے تین پیراملٹری اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس دھماکے میں پانچ اہلکاروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ اس بم کے ذریعے سکیورٹی اہلکاروں کی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔

وزیر داخلہ کے مطابق یہ بم دھماکا ریموٹ کنٹرول کے ذریعے اُس وقت کیا گیا جب ان پیراملٹری اہلکاروں کی گاڑی قریب پہنچی تھی۔ یہ بم دھماکا بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے کُچلک کے مقام بلیلی کے قریب کیا گیا۔ ماہرین کے مطابق اس دھماکے کے لیے آٹھ سے نو کلوگرام تک بارودی مواد استعمال کیا گیا۔

تفتیش کاروں کا اندازہ ہے کہ یہ بم سڑک کے کنارے نصب کرنے کے بجائے ایک موٹر سائیکل پر نصب کیا گیا تھا۔ ہلاک ہونے والے تینوں سکیورٹی اہلکاروں کا تعلق فرنٹیئر کور سے بتایا گیا ہے۔ زخمیوں کو ایک قریبی فوجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

Pakistan Mindestens zwölf Tote bei Anschlag
تفتیش کاروں کا اندازہ ہے کہ یہ بم سڑک کے کنارے نصب کرنے کے بجائے ایک موٹر سائیکل پر نصب کیا گیا تھاتصویر: picture alliance/dpa/AP/A. Butt

کوئٹہ پولیس اور فرنٹیئر کور کے دستوں نے دھماکے کے مقام کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔ خفیہ اداروں کے حکام بھی تفتیش کر رہے ہیں۔

کسی بھی عسکریت پسند گروہ نے تاحال یہ بم نصب کرنے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ بلوچ علیحدگی پسندوں نے ماضی میں ایسے کچھ دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ اس کے علاوہ بلوچستان میں ہزارہ شیعہ برادری کے مخالف اور سخت عقیدے کے حامل سنی عسکریت پسند بھی ماضی میں کئی حملوں کی ذمے داری قبول کر چکے ہیں۔

بلوچستان کے علاقے لورالائی میں تیس اکتوبر کو ایک موٹر سائیکل پر سوار ایک خود کش بمبار نے بھی پولیس کی ایک گاڑی کو دھماکے سے اڑا دینے کی کوشش کی تھی۔ اس دھماکے میں ایک پولیس اہلکار مارا گیا تھا۔

ع ح ⁄ م م (اے ایف پی)