1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برطانوی شہزادہ ولیئم کی شادی کا اعلان

16 نومبر 2010

برطانوی ولی عہد شہزادہ چارلس اور شہزادی ڈیانا کے بڑے بیٹے شہزادہ ولیئم کی شادی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ وہ آئندہ برس اپنی دیرینہ دوست کیٹ میڈلٹن کے ساتھ رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گے۔

https://p.dw.com/p/QAYE
شہزادہ ولیئم کیٹ میڈلٹن کے ساتھتصویر: picture alliance/empics

شاہی اعلامئے کے مطابق دونوں کی منگنی کینیا میں تعطیلات کے دوران ہوئی۔ آٹھ برس قبل اسکاٹ لینڈ کی سینٹ اینڈریوز یونیورسٹی میں شروع ہونے والی محبت کی یہ داستان بالآخر شادی پر منتج ہونے جا رہی ہے۔ امید ظاہر کی جا رہی ہےکہ اس جوڑے کی شادی اگلے برس لندن میں گرمیوں یا بہار کے موسم میں ہو جائے گی۔ دونوں ہی اپنی اپنی عمر کے اٹھائیسویں برس میں ہیں۔

موجودہ اعلان سے کئی مہینوں سے جاری وہ سوالات اور قیاس آرائیاں ختم ہو گئی ہیں کہ شاہی ایئر فورس کے ریسکیو پائلٹ شہزادہ ولیئم آخر کب اپنی دیرینہ دوست کیٹ میڈلٹن کو شادی کے لئے راضی کریں گے۔

شاہی اعلان کے مطابق شہزاہ ولیئم ستمبر کے مہینے میں شمالی ویلز میں واقع رائل ایئرفورس بیس سے ہیلی کاپٹر پائلٹ کی تربیت مکمل کر چکے ہیں اور شادی کے بعد یہ جوڑا اسی بیس کے قریب رہائش پذیر ہوگا۔ شاہی تجزیہ کاروں کے مطابق آٹھ سال کی ایسی رفاقت کے بعد، جس میں دونوں ایک دوسرے کے ساتھ بہت خوش ہوں، شہزادے اور کیٹ میڈلٹن کے درمیان شادی کا ارادہ ناگزیر تھا۔

Scheidung Charles und Diana 1996
پرنس چارلس اور مرحومہ لیڈی ڈیاناتصویر: AP

کیٹ میڈیلٹن شہزادہ ولیئم کی طرح ہسٹری آف آرٹس میں ڈگری رکھتی ہیں اور شہزادے کی مرحومہ والدہ لیڈی ڈیانا کی طرح ایک متوسط گھرانے سے ہیں۔ ان کے والد برٹش ایئر ویز میں فلائٹ ڈسپیچر اور والدہ فضائی میزبان تھیں جبکہ مستقبل کی ملکہ کیٹ میڈلٹن نے کچھ عرصہ قبل پارٹیوں کے لئے لوازمات فراہم کرنے کا کاروبار شروع کیا تھا۔ میڈلٹن شہزادہ ولیئم کے ساتھ شادی سے پہلے ہی برطانوی عوام کے دلوں میں دور جدید کی خودمختار ملکہ کے طور پر جگہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو چکی ہیں۔

شاہی اعلان کے مطابق اس نوجوان جوڑے کی شادی کا اہتمام لندن میں کیا جائے گا، تاہم ابھی تک جگہ اور تاریخ کا تعین نہیں کیا گیا ہے۔

رپورٹ: عنبرین فاطمہ

ادارت: ندیم گِل