1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

باپوکا چشمہ غائب ہو گیا

14 جون 2011

بھارت میں مہاتما گاندھی کی ذاتی اشیاء قومی ورثے کا حصہ ہیں اور انہیں قوم کی امانت کہا جاتا ہے۔ بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ایک آشرم سے گاندھی جی کا چشمہ غائب ہو گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/11ZmU
تصویر: AP

مہاتما گاندھی نے اپنی زندگی میں ہی اپنی ذاتی بہت سی استعمال کی اشیاء مختلف افراد کو تحفے میں دے دیں تھیں۔ ان کے قتل کے بعد ان اشیاء کو قومی اثاثہ قرار دے دیا گیا۔ پھر وقت کے ساتھ ان کا چشمہ، لاٹھی، چائے کی پیالی اور گھڑی سمیت دیگر اشیاء دنیا کے مختلف ممالک کے عجائب گھروں کی زینت بنیں۔

اسی طرح گاندھی جی کی گول شیشے والی عینک، قلم اور ایک برش مغربی بھارتی شہر وردا کے ایک آشرم کے میوزیم میں رکھا ہوا ہے۔ یہ علاقہ بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر ناگپور سے 75 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ سیوا گرم نامی اس آشرم کی انتظامیہ نے بتایا کہ باپو کی عینک عجائب گھر سے غائب ہو گئی ہے۔ یہ عینک دیگر سامان کے ساتھ ایک الماری میں رکھی ہوئی تھی، جسے باہر سے تالا لگا ہوا تھا۔

Mahatma Gandhi - Auktion
بھارت میں مہاتما گاندھی کی ذاتی اشیاء قومی ورثے کا حصہ ہیں اور انہیں قوم کی امانت کہا جاتا ہےتصویر: AP

آشرم کے مینیجر آکاش لوکھنڈے نے بتایا کہ رواں سال آشرم کے قیام کی سالگرہ کے موقع پرانتظامیہ نے منصوبہ بنایا ہے کہ گاندھی جی کی یہ اشیاء عام افراد کو دکھائی جائیں گی۔ اس سلسلے میں جب الماری کھولی گئی تو اس میں سے عینک غائب تھی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ عینک کب غائب ہوئی۔ لوکھنڈے کے بقول پولیس کو اس بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے لیکن باقاعدہ طور پر ایف آئی آر ابھی تک نہیں درج کرائی گئی ہے۔

ایک اندازے کے مطابق ہر سال تیس لاکھ افراد سیوا گرم آشرم میں آتے ہیں۔ انتظامیہ کے بقول مہاتما گاندھی پہلی مرتبہ 1930ء میں اس آشرم میں تشریف لائے تھے۔

رپورٹ : عدنان اسحاق

ادارت: کشور مصطفیٰ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں