1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بالی وڈ اداکار سلمان خان کے چہرے کی سرجری

26 اگست 2011

بالی وڈ کے نمایاں اداکار سلمان خان چہرے کی سرجری کے لیے امریکہ جا رہے ہیں۔ وہ چہرے کے ایک عصب کی خرابی کا شکار ہیں، جو ان کے لیے انتہائی تکلیف کا باعث بن رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/12OPN
تصویر: AP

45 سالہ سلمان خان نے جمعے کے روز بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز میں شائع ہونے والے اپنے ایک آرٹیکل میں اس حوالے سے تفصیلات بتائیں۔ انہوں نے بتایا کہ چار برس پرانی اس تکلیف کے لیے وہ سخت قسم کی ادویات کا استعمال بھی کرتے آ رہے ہیں۔ حال ہی میں سپر ہٹ فلم ’دبنگ‘ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے سلمان خان نے اپنے مضمون میں لکھا ہے کہ رفتہ رفتہ ادویات کے استعمال کے باوجود درد میں کمی نہ ہوئی اور وہ گزشتہ ایک برس سے کسی بھی طرح کی ٹھنڈی شے کھانے یا کوئی مشروب پینے سے قاصر ہیں۔

’’درد بہت زیادہ ہے۔ اس لیے میں امریکہ جا رہا ہوں تاکہ اس کا کوئی تدارک کیا جا سکے۔ مجھے شاید ایسا بہت پہلے ہی کر لینا چاہیے تھا۔‘‘

Salman Khan
ابھی حال ہی میں سلمان خان کی فلم دبنگ سپر ہٹ ہوئی ہےتصویر: AP

ڈاکٹروں کے مطابق سلمان خان کے چہرے کو دماغ سے جوڑنے والی ایک عصبی ڈور میں خرابی موجود ہے، جو چہرے میں برقی رو کے جھٹکے پیدا کر رہی ہے اور یہی سلمان خان کے لیے شدید تکلیف کا باعث بن رہے ہیں۔ طبی زبان میں اس بیماری کو Trigeminal neuralgia کہتے ہیں۔

سلمان خان کے مطابق اس سلسلے میں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد انہیں یہ بھی بتایا ہے کہ اس تمام خرابی کی وجہ سے ان کی دماغ تک خون کی رسائی کو یقینی بنانے والی رگوں میں تناؤ بھی پیدا ہوا ہے۔

’’وہ کہتے ہیں کہ اس سے موت بھی واقع ہو سکتی ہے، مگر میرے خیال میں وہ صرف مجھے ڈرا رہے ہیں۔‘‘

واضح رہے کہ Trigeminal neuralgia  یا عصبی نظام میں خرابی کی ایک وجہ عمر کو بھی قرار دیا جاتا ہے۔ سلمان خان کے مطابق انہیں چہرے کے ایک حصے عموماﹰ آنکھوں، گالوں اور جبڑوں میں تکلیف ہوتی ہے، جس کی وجہ سے وہ دانت برش کرنے سمیت روز مرہ کے کاموں میں مشکلات کا شکار رہتے ہیں۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید