1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بالی ووڈ کے آئیفا ایوارڈزکی تقریب ٹورنٹو میں

24 جون 2011

بھارت کی فلم انڈسٹری بالی ووڈ کے معتبر آئیفا ایوارڈز کا میزبان شمالی امریکی شہر ٹورنٹو ہے۔ بالی ووڈ کے کئی نامی گرامی اداکار اس تقریب میں شرکت کے لیے کینیڈا پہنچ چکے ہیں۔

https://p.dw.com/p/11ipt
کترینا کیف اور اکشے کمارتصویر: DW

آئیفا ایوارڈز کا انعقاد پہلی بار شمالی امریکہ میں کیا گیا ہے۔ کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں بالی ووڈ کی فلموں کے لیے آئیفا ایوارڈز کی تین روزہ تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے۔ اس تقریب میں درجنوں بھارتی اداکار شریک ہیں۔ ان میں خاص طور پر شاہ رخ خان، پریانکا چوپڑا، انیل کپور، دیا مرزا، اورشلپا شیٹھی کے نام نمایاں ہیں۔

تقریب کے لیے وسطی کینیڈا کے صوبے انٹاریو کے مرکزی شہر ٹورنٹو کا انتخاب گزشتہ سال کیا گیا تھا۔ اس انتخاب میں ٹورنٹو نے امریکی شہر لاس ویگاس کو مات دی تھی۔ ایوارڈز کی تقریب میں آسٹریلوی شہر میلبورن کا ایک وفد بھی شریک ہے اور ان کی خواہش ہے کہ اگلے سال کی تقریب کی میزبانی میلبورن کرے۔

اونٹاریو صوبے میں چھ لاکھ بھارتی لوگ آباد ہیں۔ آئیفا ایوارڈز کی تقریب میں اونٹاریو کے وزیر اعلیٰ ڈالٹن میک گوئنٹی بھی خطاب کریں گے۔ وہ اس تقریب کے میزبان بھی ہیں۔ ایوارڈز کے لیے شیڈیول تقریبات میں لیجنڈری مائیکل جیکسن کی رحلت کی دوسری برسی کے موقع پر جمعہ کے روز خصوصی یادگاری تقریب میں جازمین جیکسن اپنے فن کا مظاہرہ کریں گی۔

Kulturkalender Juli: Filmstill aus dem Bollywood-Film Dabangg
آئیفا ایوارڈز میں دبنگ فلم کو خاصی نامزدگیاں حاصل ہیںتصویر: Arbaaz Khan Production

ایوارڈز کی تقریب میں بائیس ہزار مہمانوں کی آمد متوقع ہے اور سات سو ملین ناظرین اس تقریب کو براہ راست ٹیلی وژن پر دیکھ سکیں گے۔ منتظمین کی جانب سے آئیفا ایوارڈز کی تقریب میں کروڑوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی جاتی ہے۔ ایوارڈز کی تقریب اتوار کے روز شیڈیول ہے۔ دبنگ، ونس اپان اے ٹائم ان ممبئی، عشقیہ، بینڈ باجا بارات اور راج نیتی نامی فلموں کے درمیان ایوارڈز کے حصول کا سخت مقابلہ ہے۔

عموماً ایوارڈز کی تقریبات میں مہمانوں کے لیے ریڈ کارپٹ کا اہتمام کیا جاتا ہے لیکن آئیفا ایوارڈز نے گرین کارپٹ کی منفرد اختراع متعارف کروائی ہے۔ اس طرح سینکڑوں بھارتی شائقین گرین کارپٹ پر اپنے پسندیدہ اداکاروں کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بےتاب بتائے جاتے ہیں۔

آئیفا ایوارڈز کی ابتدا سن 2000 میں لندن کے میلینئم ڈوم سے ہوئی تھی۔ اس طرح یہ ترتیب کے اعتبار سے بارہویں تقریب ہے۔ اب تک دنیا کے مختلف گیارہ شہروں میں ان ایوارڈز کی تقریبات کا اہتمام کیا جا چکا ہے۔ گزشتہ سال سری لنکا کے شہرکولمبو کو میزبانی ملی تھی۔ اب تک جن شہروں میں آئیفا ایوارڈز کی تقریب منعقد ہو چکی ہیں ان میں لندن سمیت میکاؤ، بینکاک، دبئی، ایمسٹرڈیم اور جوہانسبرگ کے نام نمایاں ہیں۔ ان ایوارڈز کے مختلف شہروں میں انعقاد سے ہندی فلم انڈسٹری کو دنیا بھر میں متعارف کروانے کے علاوہ فلموں کے لیے نئی منڈیوں کی تلاش کے حوالے سے یہ ایک اہم اقتصادی سرگرمی ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں