1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

باغیوں کا حملہ، تین بھارتی فوجی اور ایک خاتون

23 فروری 2017

بھارتی زیر انتظام کشمیر میں باغیوں کی طرف سے کیے جانے والے ایک حملے میں تین بھارتی فوجی اور ایک خاتون مارے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق باغیوں نے فوجیوں کے ایک قافلے کو نشانہ بنایا۔

https://p.dw.com/p/2Y767
Indien Kämpfe in Kaschmir
تصویر: picture-alliance/AP Photo/M. Khan

سری نگر پولیس کے انسپکٹر جنرل سید جاوید مجتبیٰ گیلانی کے مطابق عسکریت پسندوں نے آج جمعرات 23 فروی کو علی الصبح شوپیاں کے علاقے میں بھارتی فوجیوں کے ایک گروپ پر ہینڈ گرینڈز سے حملہ کر دیا اور فائرنگ بھی کی۔ یہ فوجی ایک سرچ آپریشن کے بعد واپس لوٹ رہے تھے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق گیلانی کا کہنا تھا کہ حملے کے نتیجے میں دونوں اطراف سے فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا اور ایک گولی قریبی گھر میں سوئی ہوئی ایک 60 سالہ خاتون کو جا لگی جو اس کی موت کا سبب بنی۔ اس حملے میں بھارتی فوج کے تین دیگر فوجی زخمی بھی ہوئے جن میں دو افسران بھی شامل ہیں۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق آزاد ذرائع سے اس واقعے کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ تاہم مقامی افراد کا کہنا تھا کہ فائرنگ کا سلسلہ رُکنے کے تھوڑی ہی دیر بعد فوجیوں نے اس علاقے کے گھروں میں توڑ پھوڑ شروع کر دی اور درجنوں کاروں کو نقصان پہنچایا۔

ایک مقامی شخص راشد احمد کے مطابق بھارتی فوجی گھروں میں زبردستی گھُس گئے اور یہاں تک کہ کمروں کے اندر فائرنگ کی۔ سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کاروں کے شیشے اور گھروں کی کھڑکیاں ٹوٹی ہوئی ہیں۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق بھارتی فوج اور پولیس کی طرف سے ان الزامات کا فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

دریں اثناء فائرنگ کے دوران ہلاک ہونے والی خاتون کے جنازے میں شریک ہزاروں افراد نے بھارتی حکومت کے خلاف اور باغیوں کے حق میں نعرے بازی۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق بھارتی زیرانتظام کشمیر میں علیحدگی پسند 1989ء سے بھارت سے علیحدگی کے لیے لڑ رہے ہیں۔ اس دوران باغیوں کے حملوں اور بھارتی فوج کی کارروائیوں کے نتیجے میں 68 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں سے اکثریت عام کشمیریوں کی ہے۔