1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اینڈریو فلِنٹوف: ٹیسٹ کرکٹ بائے بائے

رپورٹ :عابد حسین ، ادارت: ندیم گِل17 جولائی 2009

انگلینڈ کے معروف کھلاڑی فلِنٹوف کو باؤلنگ اور بیٹنگ میں بہتر کار کردگی کے تناظر میں میچ جیتنے والا کھلاڑی تصور کیا جاتا تھا۔ اُن کی ٹیسٹ کر کٹ چھوڑنے کے بعد انگلش کرکٹ ٹیم میں خلا کون پُر کرے گا۔ یہ ایک سوال ہے؟

https://p.dw.com/p/IrGK
فلِنٹوف ، درمیان میں، ٹوپی کے بغیرتصویر: AP

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مشہور زمانہ آل راؤنڈر اینڈریو فلِنٹوف نے اپنا ٹیسٹ کیریئر ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ سابق مشہور آل راؤنڈر آئن بوتھم کے بعد فلِنٹوف کو انتہائی کامیاب آل راؤنڈر کی صف میں شامل کیا جاتا تھا۔ سن 2005 میں مائیکل وان کی قیادت میں ایشز سیریز میں آسٹریلوی ٹیم کو شکست دینے والی انگلش ٹیم کا وہ حصہ تھے بلکہ اُس سیریز میں فتح کے معمار اور کامیابی کا سہرہ بھی اُن کے سر جاتا ہے۔

اینڈریو فلِنٹوف نے موجودہ ایشز سیریز کے مکمل ہونے پر ٹیسٹ کرکٹ سے علیحدہ ہونے کا اعلان کیا ہے۔ اس وقت تک وہ اگر فٹ رہے تو 80 ٹیسٹ میچوں میں اُنہیں اپنے ملک کی نمائندگی کرنے کا اعزاز حاصل ہو گا۔ وہ اب تک 77 ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں۔ اُن میں وہ 3708 رنز بنا چکے ہیں۔ جن میں پانچ سینچریاں اور پچیس نصف سینچریاں شامل ہیں۔ لارڈز ٹیسٹ تک وہ 219 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

Cricket Ashes Cup Englad Australien Juli 2009
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان اینڈریو سٹراستصویر: AP

ایک روزہ میچوں میں انہوں نے انگلینڈ کی نمائندگی 141 میچوں میں کی ہے۔ وہ اِن میچوں میں تقریباً 3394 رنز بنانے میں کامیاب رہے ہیں جن میں تین سینچریاں شامل ہیں۔ ایک روزہ میچوں میں اُن کی وکٹوں کی تعداد 169 ہے۔ وہ ایک شاندار فیلڈر بھی تصور کئے جاتے تھے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں اکاون کیچ اِس کا ثبوت ہے۔

فلِنٹوف کو پچھلے کچھ عرصے یوں تو کئی اندرونی چوٹوں کا سامنا ہے جو عموماً ایک کھلاڑی کے حصے میں آتی ہیں۔مگر آج کل وہ اپنے دائیں گھٹنے کی مسلسل تکلیف سے عاجز آئے ہوئے ہیں۔ اِس کے باعث انگلینڈ کی ٹیم نے جو گزشتہ اڑتالیس ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں، اُن میں سے پچیس میں وہ شرکت کے قابل نہیں تھے۔ ان کے گھٹنے کی سرجری بھی ہو چکی ہے مگر اِس کا درد اُن کی برداشت سے باہر ہوتا جا رہا ہے۔ اصل میں اُن کے دائیں گھٹنے کی اندرونی جھلی انڈین پریمئر لیگ میں کھیلتے ہوئے پھٹ گئی تھی۔ ڈاکٹروں نے اِس کے علاج کی کوشش ضرور کی ہے مگر یہ جھلی اگر ایک بار پھٹ جائے تو اِس کا شافی علاج قدرے مشکل ہوتا ہے۔ گھٹنے کے ساتھ اُن کو ٹخنے کی پرانی چوٹ کا بھی سامنا ہے۔ اُس کو ٹھیک کرنے کے سلسلے میں فلنٹوف کے ٹخنے کی ڈاکٹروں نے چار مرتبہ آپریشن بھی کیا۔ وہ درد رفع کرنے کے انجکشن کا استعمال کر کے اِن دِنوں کھیل رہے ہیں۔ یہ سٹیرائڈ کیمیکل سے تیار کئے جاتے ہیں جو بظاہر کسی نقصان کا باعث نہیں ہوتے لیکن اِس کے باوجود اِن کا منفی اثر ضرور ہوتا ہے۔

Michael Vaughan England Cricket Kapitän
ایشز سیریز سے قبل سابق کپتان مائیکل وان نے بھی ریٹائر منٹ کا اعلان کیا تھا۔تصویر: AP

سن 1999 سے وہ مختلف چوٹوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ اِس دوران پاکستان کے دورے کے دوران اُن کو کمر کی شدید تکلیف کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا اور وہ دورہ چھوڑ کر واپس لندن چلے گئے تھے۔ اِسی طرح اِس سال بھی وہ ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے دورے پر جانے والی ٹیم کا حصہ ضرور تھے لیکن دورے کے دوران ہی اُن کو شدید درد کا سامنا کرنا پڑا اور وہ ٹیم کو چھوڑ کر واپس جانے پر مجبور تھے۔

ایشز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں کھیلنے والی ٹیم میں فلنٹوف شامل ہیں۔ لیکن پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران ہی اُن کے ان فٹ ہونے کا پتہ چل گیا تھا۔ کارڈیف شہر کے صوفیہ گارڈنز میں فلنٹوف نے پینتیس اوورز کرائے تھے۔ اتنی زیادہ بولنگ سے اُن کے گھٹنے کی جھلی کا درد پھر سے اُبھر کر سامنے آ گیا۔ خاصی سوچ بچار کے بعد اُنہوں نے دوسرے ٹیسٹ میں شرکت کا فیصلہ کیا تھا۔

فلنٹوف نے اپنی ریٹائرمنٹ کے اعلان میں کہا کہ اُنہوں نے بہت سوچ بچار کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے کیونکہ اُن کا بدن پانچ روزہ میچ کو اب برداشت کرنے کے قابل نہیں رہا اور بدن کی اندرونی صحت اُن کو ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے پر مجبور کر رہی ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہنے کے بعد فلنٹوف ایک روزہ میچوں کے علاوہ ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں شامل ہوتے رہیں گے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ اپنی ذات اور خاندان کے لئے آپریشن اور درد رفع کرنے کے انجکشن کو وہ مزید برداشت نہیں کر سکتے۔

اپنی ریٹائرمنٹ کی اطلاع انہوں نے اپنی ٹیم کو سب سے پہلے دی تھی۔ یہ سن کر ٹیم کے تمام ممبران حیران رہ گئے۔ انگلش ٹیم کے کپتان اینڈریو سٹراس کے مطابق فلنٹوف کی ریٹائر منٹ پر ساری ٹیم دل سے اداس ہے۔