1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایسٹونیا کے انتخابات، برسر اقتدار آنسَپ کی جیت

7 مارچ 2011

بالٹک کی جمہوریہ ایسٹونیا کے عام انتخابات میں بائیں بازو کی طرف جھکاؤ رکھنے والے برسر اقتدار سیاسی اتحاد نے کامیابی حاصل کر لی ہے۔ انتخابات کے نتائج سامنے آ گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/10UPj
ایسٹونیا کے وزیر اعظم آندرُس آنسِپتصویر: dapd

ایسٹونیا کے الیکشن کمیشن نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم آندرُس آنسِپ کے سیاسی اتحاد نے مجموعی طور پر 56 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ ایسٹونیا میں برسر اقتدار سیاسی اتحاد دو سیاسی پارٹیوں پر مشتمل ہے۔

اتوار کو منعقد کیے گئے ان انتخابات میں پارلیمان کی 101 نشستوں کے لیے مقابلہ ہوا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اپوزیشن کے اتحاد نے ان انتخابات میں کُل 45 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ ایسٹونیا میں بائیں بازو کی طرف جھکاؤ رکھنے والا اپوزیشن اتحاد بھی دو سیاسی پارٹیوں پر مشتمل ہے۔

NO FLASH Estland - Parlament in Tallinn
ایسٹونیا کی پارلیمان میں کل 101 نشستیں ہیںتصویر: picture alliance/dpa

الیکشن کمیشن کے اعداد وشمار کے مطابق ان پارلیمانی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی شرح باسٹھ اعشاریہ نو فیصد رہی جبکہ 2007ء کے گزشتہ پارلیمانی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی شرح اکسٹھ فیصد تھی۔

عوامی جائزوں کے مطابق ایسٹونیا میں برسر اقتدار سیاسی اتحاد کی جیت یقینی تھی۔ اگرچہ عالمی اقتصادی بحران کے دوران وزیر اعظم آنسپ کو بچتی اقدامات متعارف کروانے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا لیکن عوامی سطح پر یہ غصہ کوئی زیادہ نہیں تھا۔

یورپی مالیاتی اتحاد یورو زون میں شامل ملک ایسٹونیا کے وزیر اعظم کو یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ انہوں نے اپنی ریاستی پالیسیوں کے نتیجے میں ملک کو ترقی کی راہوں پر گامزن کیا ہے۔

آنسپ نے انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعد کہا کہ عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے کہ وہ ملکی معیشت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ اپنی اتحادی سیاسی پارٹی کے ساتھ وزراء کے انتخاب پر مذاکرات شروع کر رہے ہیں۔

ان انتخابات میں آنسپ کی ریفارم پارٹی نے تینتیس جبکہ ان کی اتحادی سیاسی جماعت نے تئیس نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں