1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’ایران کے لیے جاسوسی‘: درجنوں کویتی شیعہ شہریوں کو سزائیں

مقبول ملک12 جنوری 2016

خلیجی ریاست کویت میں تہران کے لیے جاسوسی اور مسلح حملوں کی منصوبہ بندی کے الزام میں ایک ایرانی شہری سمیت دو افراد کو سزائے موت جبکہ درجنوں مقامی شیعہ شہریوں کو طویل مدت کی سزائے قید کا حکم سنا دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1Hc53
تصویر: Getty Images/AFP

کویت سٹی سے منگل بارہ جنوری کے روز موصولہ نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق اس مقدمے میں جن دو افراد کو آج موت کی سزا سنائی گئی، ان میں سے ایک ملزم ایک ایرانی شہری ہے، جسے یہ سزا اس کی غیر حاضری میں سنائی گئی۔ کویت سٹی کی ایک عدالت کے فیصلے کے مطابق یہ دونوں ملزمان ’ایران کے لیے جاسوسی‘ کے علاوہ اس عرب ریاست میں مسلح حملوں کی منصوبہ بندی کے مرتکب ہوئے تھے۔ جس ایرانی باشندے کو سزائے موت کا حکم سنایا گیا، اس کا نام عبدالرضا حیدر بتایا گیا ہے۔

اسی مقدمے میں عبدالرضا حیدر کے علاوہ 25 ایسے کویتی شیعہ شہریوں کو بھی اپنے خلاف کارروائی کا سامنا تھا، جن پر الزام تھا کہ وہ ایران کے لیے جاسوسی کرنے کے علاوہ بڑی مقدار میں ایسے ہتھیار اور گولہ بارود جمع کرنے کے مرتکب بھی ہوئے تھے، جو انہوں نے مختلف مقامات پر چھپا رکھے تھے۔

عدالتی فیصلے کے مطابق ایرانی شہری عبدالرضا حیدر ایک ایسا جاسوس ہے، جس نے کویت میں شیعہ مذہبی اقلیت سے تعلق رکھنے والے درجنوں افراد کو بھرتی کر کے ان کے لبنان تک کے سفر کا اہتمام کیا تھا، جہاں ان کویتی باشندوں کو ایران کی حمایت یافتہ شیعہ ملیشیا حزب اللہ نے عسکری تربیت دی تھی۔

اے ایف پی نے عدالتی فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ جس دوسرے ملزم کو اس مقدمے میں سزائے موت سنائی گئی، وہ ایک کویتی شیعہ شہری ہے اور اس کا نام حسن عبدالھادی علی ہے۔ عدالت کے مطابق یہ بات ثابت ہو گئی تھی کہ حسن عبدالھادی علی 1996ء سے حزب اللہ کا رکن تھا اور وہ اس مقدمے میں سزا پانے والے ملزمان کے گروہ کا سرغنہ بھی تھا۔

اسی مقدمے میں ایک ملزم کو عمر قید جبکہ 19 دیگر کو پانچ سے لے کر 15 برس تک کی قید کی سزائیں سنائی گئیں۔ ان ڈیڑھ درجن سے زائد ملزمان میں سے دو فیصلے کے وقت عدالت میں موجود نہیں تھے۔ باقی ملزمان میں سے تین کو عدالت نے بری کر دیا جبکہ ایک کو پانچ ہزار دینار (ساڑھے سولہ ہزار ڈالر) جرمانے کا حکم سنایا گیا۔

حسن عبدالھادی علی کو موت کا حکم سناتے ہوئے عدالت نے کہا کہ اس کویتی شہری نے کویت سٹی میں ایرانی سفارت خانے کے ایک اہلکار کے ساتھ رابطہ کیا تھا، جس کے بعد وہ ایران بھی گیا تھا جہاں وہ ایران کے محافظین انقلاب نامی دستوں کے ساتھ رابطے میں تھا۔

Großbritannien Proteste gegen die Hinrichtung von Nimr Al-Nimr in Saudi Arabien
سعودی عرب میں مقامی شیعہ رہنما النمر کو حال ہی میں سزائے موت دیے جانے کے بعد ایران اور کئی خلیجی عرب ریاستوں کے مابین شدید کشیدگی پیدا ہو چکی ہےتصویر: Reuters/T. Melville

اسی کویتی شہری کے بارے میں عدالت نے کہا کہ اس نے ایران کے محافظین انقلاب کے ساتھ مل کر بڑی مقدار میں ہتھیار اور دھماکہ خیز مواد کویت میں اسمگل کرنے کا اہتمام کیا تھا۔ مجموعی طور پر سزا پانے والے افراد کو جن دیگر الزامات میں بھی قصور وار پایا گیا، ان میں حزب اللہ کے لیے جاسوسی، ہتھیاروں کی اسمگلنگ اور غیر قانونی گولہ بارود اپنے پاس رکھنے کے الزامات شامل ہیں۔

آج جس مقدمے میں فیصلہ سنایا گیا، اس کی سماعت گزشتہ برس ستمبر میں شروع ہوئی تھی۔ اس سماعت کے آغاز سے قبل گزشتہ برس اگست میں کویتی حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں میں ملک میں ’ایران سے تعلق رکھنے والے ایک خفیہ سیل‘ کا پتہ چلا کر کئی ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا اور ان کے قبضے سے بہت سے ہتھیاروں کے علاوہ گولہ بارود بھی برآمد ہوا تھا۔

عدالتی کارروائی کے دوران ملزمان نے اپنے خلاف الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ کویتی ‌حکام نے ان پر تشدد کرتے ہوئے ان سے اعترافی بیانات لیے تھے۔ تمام ملزمان اپنے خلاف عدالتی فیصلوں کو چیلنج کر سکیں گے۔ ایران کی طرف سے شروع میں ہی ان ملزمان سے کسی بھی قسم کے رابطوں کی تردید کر دی گئی تھی۔ کویت میں 1.3 ملین کی مقامی آبادی میں شیعہ مسلمانوں کا تناسب قریب ایک تہائی بنتا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں