1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایران میں احتجاجی مظاہرے تھم گئے

رپورٹ: گوہر نذیر، ادارت:ندیم گل22 جون 2009

صدارتی انتخابی نتائج کے خلاف گزشتہ ایک ہفتے سے جاری پرتشّدد احتجاجی مظاہروں کے بعد اتوار کو ایران کی بیشتر سڑکیں خاموش رہیں۔ امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے سیکیورٹی فورسز کے ہزاروں اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/IVsz
انتخابی نتائج کے خلاف پرتشدد مظاہرے ہفتہ بھر جاری رہےتصویر: AP
Iran Wahlen Ausschreitungen
سرکاری ٹی وی نے مظاہروں میں 17 ہلاکتوں کی تصدیق کیتصویر: AP

انتخابی نتائج کے خلاف ہفتہ کو سیکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان پرتشّدد جھڑپوں میں تیرہ افراد ہلاک ہوئے۔ ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن ’’پریس ٹی وی‘‘ نے ان ہلاکتوں کی تصدیق کی۔ بارہ جون کے صدارتی انتخابات کے بعد ہونے والے پرتشّدد واقعات میں سرکاری طور پر اب تک سترہ افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی جاچکی ہے تاہم غیرسرکاری ذرائع ہلاک شدگان کی تعداد اس سے کہیں زیادہ بتارہے ہیں۔

ناکام صدارتی امیدوار میر حسین موسوی کے حامی حالیہ انتخابات میں ایرانی صدر محمود احمدی نژاد کی جیت کو تسلیم کرنے سے یہ کہہ کر انکار کررہے ہیں کہ انتخابی عمل بڑے پیمانے پر دھاندلیوں اور بے ضابطگیوں کا شکار رہا لیکن ملک کے روحانی پیشوا آیت اللہ خامنہ ائی انتخابی نتائج کو ’’آزادانہ اور شفاف‘‘ قرار دے چکے ہیں۔

متعدد مغربی ملک، بشمول جرمنی، ایرانی سیکیورٹی فورسز کی طرف سے مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال کی مذمت کررہے ہیں۔ مغربی ممالک کے رہنماوٴں کا موقف ہے کہ مہذب سماج میں لوگوں کو اپنی رائے کا اظہار کرنے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔

Mahmoud Ahmadinejad auf einer Pressekonferenz am 14.06.2009
امریکہ اور برطانیہ ایران کے اندرونی معاملات میں دخل نہ دیں، ایرانی صدرتصویر: AP

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے اتوار کو ایران کی سیاسی قیادت پر زور دیا کہ وہ پرامن مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال نہ کرے اور اس کے ساتھ ساتھ چانسلر نے تمام سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔

’’میں ایران کی سیاسی قیادت پر زور دیتی ہوں کہ وہ پرامن مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال کو بند کرے اور تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرے۔‘‘

جرمن چانسلر میرکل نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرانے کا مطالبہ بھی کیا اور کہا کہ جرمنی، ایران کے عوام کے ساتھ ہے۔

فرانس نے ایران میں دوبارہ صدارتی انتخابات منعقد کرانے کا مطالبہ کیا۔ فرانسیسی صدر نکولا سرکوزی نے کہا کہ پرامن مظاہرین پر تشّدد کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا ہے۔

ایران کے روایتی حریف اسرائیل نے ایرانی حکام پر زبردست تنقید کی ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے صدارتی انتخابات کے نتائج کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں کی ہمت کی داد دی۔ نیتن یاہو نے کہا کہ یہ بات صاف ہوگئی ہے کہ ایرانی عوام ’’پابندیوں سے مکمل نجات اور آزادی چاہتے ہیں‘‘۔

Deutschland Tag der Deutschen Industrie 2009 Angela Merkel
ایران پرامن مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال نہ کرے ، جرمن چانسلرتصویر: AP

سابق ایرانی وزیر اعظم اور ناکام صدارتی امیدوار میر حسین موسوی دوبارہ انتخابات منعقد کروانے کا مطالبہ کررہے ہیں اور مغربی ممالک موسوی کی حمایت کر رہے ہیں۔ ایرانی صدر محمود احمدی نژاد امریکہ اور برطانیہ سے واضح طور پر یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ ایران کے ’’اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کریں۔‘‘

دریں اثناء ایرانی حکام نے مظاہروں کی رپورٹنگ کرنے والے مقامی اور بیرونی صحافیوں پر بھی سخت پابندیاں عائد کررکھی ہیں۔ تہران میں بی بی سی کے نمائندے کو ملک چھوڑنے کے لئے کہا گیا ہے۔ گروپ ’رپورٹرز بغیر سرحد‘ کے مطابق اب تک ایران میں 23 مقامی صحافیوں اور بلاگرز کو گرفتار کیا گیا ہے۔