1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایرانی صدر نے تین وزیروں کو فارغ کردیا

14 مئی 2011

ایران میں جاری اقتدار اور طاقت کی کشمکش کے باعث ایرانی صدر احمدی نژاد نے کابینہ کے تین وزیروں کو فارغ کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/11FzB
احمدی نژاد سایسی تنہائی کا شکار؟تصویر: AP

کابینہ کے تینوں وزراء صدر محمود احمدی نژاد کے قریب سمجھے جاتے تھے۔ ایران کے سرکاری ریڈیو کے مطابق فارغ کیے جانے والے وزراء میں تیل کے وزیر مسعود میر کاظمی، سماجی تحفظ اور بہبود کے وزیر صادق محصولی اور وزیر برائے صنعت علی اکبر مہرآبیان ہیں۔ یہ بات ابھی واضح نہیں ہے کہ ان وزراء کی جگہ کون لے گا۔

حال ہی میں ایرانی پارلیمان نے ایک بل پاس کیا تھا جس کے مطابق صدر احمدی نژاد کو اپنی کابینہ کے وزراء کی تعداد اکیس سے سترہ کرنا تھی۔ پارلیمان کی جانب سے ابھی صدر کے وزراء کو فارغ کرنے کے فیصلہ کی تصدیق ہونا باقی ہے۔

NO FLASH Ali Khamenei and Mahmoud Ahmadinejad
بظاہر تو سب اچھا ہےتصویر: Khameni

واضح رہے کہ ایران میں قریباً تین ہفتوں سے اقتدار کی رسہ کشی جاری ہے۔ یہ بحران اس وقت شروع ہوا جب صدر احمدی نژاد نے انٹیلیجنس چیف حیدر مصلحی کو ان کے عہدے سے فارغ کر دیا تھا۔ بعد میں ایران کے سپریم لیڈر رہنما آیت اللہ خامنہ ائی کی مداخلت کے بعد مصلحی کو ان کے عہدے پر بحال کر دیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق ایرانی صدر نے کئی روز تک کابینہ کے اجلاسوں کا بائکاٹ کیے رکھا۔ مبصرین کے مطابق اب پارلیمان کی جانب سے صدر احمدی نژاد پر مزید دباؤ کا مطلب ایران کی سیاست کے ان ستونوں کے درمیان ایک ایسا پسِ پردہ ٹکراؤ ہے جس میں فریقین خود کو پہلے سے زیادہ مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ حالانکہ صدر احمدی نژاد کہہ چکے ہیں کہ ان کے خامنہ ائی کے ساتھ تعلقات اچھے ہیں، تاہم سیاسی تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ ایران میں عرصے سے جاری خفیہ سیاست کا اونٹ کسی بھی کروٹ بیٹھ سکتا ہے۔

رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: عصمت جبیں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید