1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستاسرائیل

ایرانی جوہری تنازعہ، ماکروں اور نیتن یاہو کی ملاقات

3 فروری 2023

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے اپنے دورہ پیرس کے دوران فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ایرانی جوہری پروگرام اور یوکرینی جنگ کے موضوعات پر گفتگو کی گئی۔

https://p.dw.com/p/4N5Bv
Frankreich | Emmanuel Macron und Benjamin Netanjahu
تصویر: Aurelien Morissard/abaca/picture alliance

ماکروں نے ایرانی جوہری پروگرام کو پیش قدمی سے روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ پیرس میں صدر ماکروں کی سرکاری رہائش گاہ ایلیزے پیلس سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی جوہری پروگرام جاری رہا تو اس کے خطرناک نتائج نکل سکتے ہیں۔

ایرانی جوہری معاہدے کو 'مردہ' سمجھیں، امریکی صدر جو بائیڈن

ایران نے موساد سے تعلق کے جرم میں چار افراد کو پھانسی دے دی

دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ ملاقات جمعرات کی شام ہوئی۔ ماکروں نے تہران حکومت کے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے ساتھ عدم تعاون پر بھی بات چیت کی۔

نیتن یاہو اور ماکروں نے اس ملاقات میں خطے کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے لیے ایرانی سرگرمیوں پر گہری تشویش ظاہر کی۔

ماکروں نے یوکرین کے خلاف روسی جارحیت میں ماسکو حکومت کے لیے ایرانی مدد پرتہران حکومت کے خلاف ممکنہ پابندیوں پر بھی اصرار کیا۔

ایرانی جوہری معاہدہ: ملکی عوام کتنے پر امید ہیں؟

صدر ماکروں اور وزیر اعظم نیتن یاہو نے یوکرین کے خلاف روسی جنگ کے بین الاقوامی اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ایک اسرائیلی بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے ایرانی جوہری خطرات سے نمٹنے کے لیے مختلف امکانات کا جائزہ لیا۔ نیتن یاہو کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ایران کے خلاف مزید سخت پابندیوں کی اشد ضرورت ہے۔ دونوں رہنماؤں نے ایرانی پاسداران انقلاب کو 'دہشت گرد تنظیموں کی یورپی فہرست‘ میں شامل کرنے سے متعلق بھی بات کی۔

اس ملاقات میں ماکروں اور نیتن یاہو نے مشرق وسطیٰ میں استحکام خصوصاﹰ لبنان میں سیاسی بے چینی کے موضوع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

اس کے علاوہ صدر ماکروں نے حالیہ کچھ عرصے میں فلسطینیوں کی جانب سے اسرائیل میں کیے گئے سلسلہ وار حملوں کے تناظر میں مکمل فرانسیسی یک جہتی کا اظہار کیا۔ تاہم ماکروں نے ایسے اقدامات سے اجتناب پر بھی زور دیا، جو تشدد میں اضافے کا سبب بن سکتے ہوں۔

ع ت / م م (ڈی پی اے، اے ایف پی)