1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

 ’اگلے چودہ اگست کو ہم ایک نئے پاکستان میں ہوں گے‘

بینش جاوید
14 اگست 2017

پاکستان کے سترویں یوم آزادی کا آغاز توپوں کی سلامی سے کیا گیا۔ اسلام آباد میں منعقدہ خصوصی تقریب میں چینی نائب وزیر اعظم وینگ ینگ  سمیت پاکستان کی افواج کے افسران اور سرکاری ملازمین نے شرکت کی۔

https://p.dw.com/p/2iCR4
Pakistan Imran Khan, Oppositionspolitiker
تصویر: DW/S. Khan Tareen

اس تقریب کے موقع پر چینی نائب وزیر اعظم  نے کہا کہ چین پاکستان کو اپنا اہم اتحادی ملک تصور کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے‘ میں پاکستان ایک اہم ملک کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس منصوبے کے تحت چین 65 ممالک میں بندرگاہوں، ریلوے لائنوں اور دیگر تنصیبات اور منصوبوں پر کام کرے گا۔ تقریب میں پاکستان فضائیہ نے ترکی اور سعودی جہازوں کے ساتھ مل کر خوبصورت فضائی شو کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر سیاسی رہنماؤں، اہم شخصیات اور دنیا بھر میں پاکستانیوں نے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا،’’ اگلے چودہ اگست کو ہم انشاءاللہ ایک نئے پاکستان میں ہوں گے۔ صادق اور امین قیادت کے ساتھ ہم ایک منصفانہ اور انسانی معاشرے میں ہوں گے۔‘‘

ملالہ یوسف زئی کے والد ضیاء الدین یوسف زئی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا،'' آج کے دن ہمیں بہتر تعلیم، مظبوط جمہوریت اور انصاف اور براری کے ذریعے امن لانے کے عزم کا ایادہ کرنا ہوگا۔‘‘

صحافی اویس توحید نے لکھا،’’ستر برس میں پاکستان کا سب سے بڑا مقابلہ انتہا پسندی اور عسکریت پسندی سے ہے۔‘‘

بین الاقوامی سطح پر بھی کئی رہنماؤں نے پاکستانیوں کو یوم آزادی پر پیغامات بھجوائے۔

لندن کے ناظم صادق خان نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا،’’ پاکستان، لندن اور دنیا بھر میں موجود پاکستانیوں کو یوم آزادی مبارک۔‘‘

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے بھی ٹوئٹر پیغام میں پاکستانیوں کو یوم آزادی کی مبارک باد دی اور پاکستان زندہ باد بھی کہا۔

بھارت کے نامور اداکار رشی کپور نے بھی پاکستانیوں کو یوم آزادی کی مبارک باد دی۔ انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا،’’ پاکستانیوں کو یوم آزادی مبارک، امن، بھائی چارے اور محبت کا پرچار کریں۔‘‘