1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اٹلی فٹ بال کا نیا عالمی چیمپئن

10 جولائی 2006

اتوار 9 جولائی کو برلن کے اولمپک اسٹیڈیم میں اٹلی نے فرانس کو پنلٹی ککس کے دوران تین کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے کر فٹ بال کی عالمی چیمپئن شپ جیت لی۔ معمول کے وقت میں مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا۔

https://p.dw.com/p/DYNy
اطالوی کپتان Fabio Cannavaro ورلڈ کپ کی ٹرافی کے ساتھ
اطالوی کپتان Fabio Cannavaro ورلڈ کپ کی ٹرافی کے ساتھتصویر: AP

جرمن سیاستدانوں اور منتظمین نے فٹ بال کی اُس عالمی چیمپئن شپ کا مثبت میزانیہ پیش کیا ہے، جس میں کل شب اٹلی نے چوتھی مرتبہ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ وفاقی جرمن صدر ہورسٹ کوہلر نے کہا کہ اگرچہ جرمنی عالمی چیمپئن نہ بن سکا لیکن اُس نے اِس چیمپئن شپ میں بہت کچھ جیتا ہے۔

برلن کے دَورے پر آئے ہوئے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کوفی عنان نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے نقطہء نظر سے وہ دَور اب ماضی کا حصہ بن چکا ہے، جب دُنیا حد سے بڑھی ہوئی جرمن حب الوطنی سے خوف کھاتی تھی۔

اٹلی کے کئی ملین باشندوں نے اپنی ٹیم کی فتح کا جشن منایا۔ برلن میں کھیلے جانےوالے فائنل میں اٹلی نے فرانس کے خلاف پنلٹی کِکس میں تین کے مقابلے میں پانچ گول سے کامیابی حاصل کی۔ معمول کے وقت میں مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا۔

عالمی چیمپئن شپ کے بہترین کھلاڑی کا گولڈن اعزاز فائنل میں رَیڈ کارڈ ملنے کے باوجود 34 سالہ سٹار فرانسیسی کھلاڑی زین الدین زِدانے کو دیا گیا۔ سب سے زیادہ یعنی پانچ گول کرنے کا اعزاز جرمن ٹیم کے Miroslav Klose کے حصے میں آیا۔