1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اور اب ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچز

17 دسمبر 2009

کرکٹ میں کمرشلزم متعارف ہونے کے بعد سے مسلسل کھیل کی اصل شکل میں اختراعات کا عمل جاری ہے۔ ون ڈے اور ٹونٹی ٹونٹی کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کو دوبارہ مقبول بنانے کے لئے فلڈ لائٹ میں ٹیسٹ کرکٹ شروع کرنے کی جانب پیش رفت جاری ہے۔

https://p.dw.com/p/L46c
تصویر: AP

ٹیسٹ کرکٹ میں نتائج کم ظاہر ہونے پر یہ عام تاثر پیدا ہو گیا تھا کہ کرکٹ کی یہ شکل یکسانیت اور بوریت کا شکار ہو گئی ہے۔ ایسے میں ستر کی دہائی میں آسٹریلیا کے کیری پیکر نے کرکٹ میں ایک نئی روح پھونک دی اور رنگین لباسوں والے کھلاڑی چکا چوند روشنیوں میں کرکٹ کھیلتے دکھائی دینے لگے۔ مزید یہ کہ میچ کا نتیجہ صرف ایک دن میں یعنی ون ڈے کرکٹ کی ابتدا۔

Cricket Ball
ٹیسٹ کرکٹ میں استعمال ہونا والا سرخ گیند

ایک روز میچوں کی مقبولیت کے بعد اچانک اُس کے گراف میں زوال دیکھا گیا۔ شائقین کا خیال تھا کہ ایک روزہ کرکٹ اب ٹیسٹ کرکٹ سے بھی کہیں زیادہ بوریت اور یکسانیت کا شکار ہو چکی ہے۔ ایک روزہ میچوں میں ٹاس جیتنے والے کپتان کے بعد میچ کا آدھا نتیجہ سامنے آ جاتا ہے اور ہر کھلاڑی اور دیکھنے والے کو اندازہ ہوتا ہے کہ کس ٹیم کا پلڑا بھاری رہے گا۔ اِس بوریت کو ختم کرنے کے لئے مزید مختصر دورانیے کی کرکٹ یعنی ٹونٹی ٹونٹی کو متعارف کروایا گیا۔ اِس انداز کی کرکٹ کے دو عالمی کپ منعقد ہو چکے ہیں اور تیسرے کی تیاریاں شروع ہیں جو اگلے برس ویسٹ انڈیز میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ کا عالمی چیمپیئن ہے۔

Cricketspieler Jacob Oram
ایک روزہ میچوں میں استعمال ہونے والی سفید گیندتصویر: AP

اب کرکٹ کے نگران عالمی ادارے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے صدر ڈیوڈ مورگن کی جانب سے یہ بیان سامنے آ یا ہے کہ اگلے ایک دو سالوں میں دن اور رات کی ٹیسٹ کرکٹ پوری طرح شروع ہو سکتی ہے۔ مورگن کے مطابق کچھ ماہ قبل تک دن رات کی ٹیسٹ کرکٹ کا امکان دور دور تک نہیں تھا لیکن اب یہ خواب حقیقت میں تبدیل ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ مورگن کے خیال میں اِس انداز کے ٹیسٹ میچوں سے اُن ملکوں میں ٹیسٹ کرکٹ کے مقبول ہونے کی امید ہے جہاں اب یہ نامقبول ہوچکی ہے۔

مورگن کے مطابق ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کرکٹ کے ابتدائی رنگ کو دیکھنے کے لئے خلیجی ریاست ابو ظہبی کے اسٹیڈیم میں انگلینڈ کی کاؤنٹی چیمپیئن اور ایم سی سی ٹیم کے درمیان ایک نمائشی میچ دن رات میں کھیلا جائے گا۔ پہلی بار اِس میچ میں سرخ اور سفید گیند کی جگہ گلابی رنگ کا گیند استعمال ہوگا۔ البتہ کھلاڑی میدان میں سفید یونی فارم ہی پہن کر اتریں گے۔ یہ میچ اگلے سال انتیس مارچ کو شروع ہوگا۔ یہ میچ میری لیبورن کرکٹ کلب کا سالانہ فنڈ اکھٹا کرنے کے سلسلے میں ہوگا۔ اِس کے بعد اگلے سال انگلینڈ کے دورے پر گئی بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم لندن کے تاریخی میدان لارڈز پر پہلا ٹیسٹ میچ دن رات کی روشنی میں کھیلے گی۔

دوسری جانب کرکٹ کے پرانے خیالات کے حامی کچھ افراد کا کہنا ہے کہ محدود اوورز کی کرکٹ کے بعد اب بچی کھچی ٹیسٹ کرکٹ کا جنازہ دن رات کے ٹیسٹ میچ سے نکل جائے گا۔ ٹیسٹ کرکٹ اب بھی بقیہ کرکٹ کھیلنے والے ممالک کے مقابلے میں انگلینڈ میں خاصی مقبول ہے۔ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کے خیال میں ٹیسٹ کرکٹ کو دوبارہ مقبول بنانے کے سلسلے میں ہر پہلو پر غور کیا جائے گا۔

رپورٹ : عابد حسین

ادارت : افسر اعوان