1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انگریزی میں یورپی دستاویزات: جرمن پارلیمانی کمیٹی ناخوش

13 جون 2011

وفاقی جرمن پارلیمان کی اقتصادی امور کی کمیٹی کا ارادہ ہے کہ وہ آئندہ خود کو موصول ہونے والی انگریزی زبان میں تیارکردہ یورپی یونین کی اہم دستاویزات کا بائیکاٹ کر دے گی۔

https://p.dw.com/p/11ZYd
تصویر: AP

برلن سے آمدہ خبر ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق جرمنی کے کثیر الاشاعت اخبار ’بلڈ‘ نے ملکی پارلیمان کی اقتصادی امور کی کمیٹی کے سربراہ ارنسٹ ہِنسکَین کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ جرمن بھی یورپ کی کئی دوسری زبانوں کے ساتھ ساتھ یونین کی سرکاری زبان ہے اور دیگر سرکاری زبانوں کے مقابلے میں جرمن زبان کی اس حیثیت کے نظر انداز کیے جانے کو آئندہ کسی بھی صورت میں قبول نہیں کیا جائے گا۔

وفاقی جرمن پارلیمان کی اس کمیٹی کے سربراہ Ernst Hinsken کا تعلق جنوبی صوبے باویریا کی قدامت پسند جماعت کرسچین سوشل یونین CSU سے ہے۔ ہِنسکَین کے بقول ان کی سربراہی میں کام کرنے والی پارلیمانی کمیٹی میں مستقبل میں صرف انہیں یورپی دستاویزات سے متعلق مشورے کیے جائیں گے، جو یورپی کمیشن کی طرف سے جرمن زبان میں مہیا کی جائیں گی۔

Barroso im EU Parlament
یورپی کمیشن کے صدر باروسوتصویر: picture alliance / dpa

اس پارلیمانی کمیٹی کے قریبی ذرائع کے مطابق یہ کمیٹی یورپی کمیشن کے صدر یوزے مانوئل باروسو کو پہلے ہی ایک خط بھی لکھ چکی ہے، جس میں اس نے انگریزی زبان میں مہیا کی جانے والی یورپی دستاویزات کی تعداد میں مسلسل اضافے کے خلاف احتجاج کیا تھا۔

جرمن اخبار ’بلڈ‘ کے مطابق اپنے خط میں ارنسٹ ہِنسکَین نے اس کمیٹی کی طرف سے لکھا کہ یورپی یونین کی زیادہ سے زیادہ دستاویزات کا صرف انگریزی زبان میں تیار کیا جانا یورپی اتحاد اور انضمام کے عمل میں مددگار ثابت نہیں ہو گا۔

Ernst Hinsken کے بقول یورپی کمیشن کی طرف سے ایسا کیا جانا یورپی یونین میں جرمن زبان بولنے والے شہریوں کی لسانی حساسیت کے حوالے سے بھی کوئی منصفانہ پیش رفت نہیں ہے۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید