1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انڈونیشیا میں دھماکے، کم از کم نو افراد ہلاک

17 جولائی 2009

انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ کے دو فائیواسٹار ہوٹلوں میں ہونے والے بم دھماکوں میں کم از کم 9 افراد ہلاک جبکہ چالیس سے زائد زخمی ہوگئے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں غیرملکی باشندے بھی شامل ہیں۔

https://p.dw.com/p/IrmT
ان دھماکوں میں چالیس سے زائد افراد زخمی بھی ہوئےتصویر: AP

سال 2003 ء میں ہونے والے دھماکوں کے بعد، جن میں 12 افراد ہلاک ہوگئے تھے، یہ سب سے بڑے حملے ہیں۔

دارالحکومت جکارتہ کے میگا کوننگن ڈسٹرکٹ میں واقع جے ڈبلیو میریٹ اور رٹز کارلٹن ہوٹلوں میں یہ بم دھماکے پانچ منٹ کے وقفے سے ہوئے۔ واقعے کے عینی شاہدین کے مطابق دھماکے نہایت خوفناک تھے، جن کی آواز دور دور تک سنی گئی۔

ایک عینی شاہد کے مطابق : ’’میریٹ ہوٹل میں ہونے والا دھماکہ بہت بڑا تھا۔ اچانک دھماکے کے ساتھ ہی سفید دھواں فضا میں بھر گیا، اور اس کے پانچ منٹ بعد ہی رٹز کارلٹن ہوٹل میں بھی دھماکہ ہوگیا۔‘‘

ایک اور شخص نے بتایا : ’’یہ ایک انتہائی خوفناک آواز تھی۔ اس کی آواز بالکل ویسی ہی تھی، جوآج سے قریب دو برس قبل آنے والے زلزلے کی تھی۔‘‘

انڈونیشیا کے صدر سوسیلو بامبانگ یودھویونو نے ان دہشت گردانہ حملوں کو انڈونیشی قوم کے خلاف ایک سازش قرار دیا ہے۔

Bombenanschläge auf zwei Luxushotels in Jakarta
ان دھماکوں میں دو بڑے ہوٹلوں کو نشانہ بنایا گیاتصویر: AP

’’یہ وحشیانہ اور غیر ذمہ دارانہ حملے اُن ساری ان تھک کوششوں کو تباہ کرنے کے مترادف ہیں، جو انڈونیشی قوم نے گذشتہ پانچ برسوں کے دوران اپنی ساکھ کو بہتر بنانے کے لئے کی ہیں۔ اِن حملوں نے ہمیں بہت پیچھے دھکیل دیا ہے اور اِن کے ہولناک نتائج اب پوری قوم کو بھگتنا پڑ سکتے ہیں، سوائے اُن حملہ آوروں کے، جو اِن حملوں کے ذمہ دار ہیں۔‘‘

تاہم انڈونیشی حکومت کی جانب سے ابھی تک ان حملوں کی ذمہ داری کسی پر نہیں ڈالی گئی اور نہ ہی ابھی تک کسی نے ان کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

اس دھماکے میں آسٹریلوی ایمبیسی میں تجارتی امور کے ایک اہلکار کریگ سینگر Craig Senger's کی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی ہے جبکہ دو دیگر آسٹریلوی شہریوں کی بھی ہلاکت کا خدشہ ہے۔

آسٹریلوی وزیراعظم کیون رَڈ نے ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان حملوں کو بزدلانہ قرار دیا۔ کیون رُڈ کے مطابق کوئی بھی دہشت گرد حملہ ایک قاتلانہ کارروائی ہے اور اس طرح کی وحشیانہ کارروائی انسانیت کے خلاف ہے۔

جکارتہ کے ہوٹلوں میں ہونے والے ان دھماکوں میں ہالینڈ کے تین شہری بھی زخمی ہوئے ہیں۔

جکارتہ پولیس کے سربراہ واھیونو Whayono نے میڈیا کو بتایا کہ دھماکہ کرنے والا فرد ہوٹل میں مہمان کی حیثیت سے داخل ہوا۔ پولیس سربراہ نے اس خدشے کا بھی اظہار کیا کہ ان دو میں سے ایک دھماکہ خودکش تھا۔

جکارتہ میں ہونے والے بم دھماکوں میں 9 افراد کی ہلاکت کے بعد ایشیا کے دورے پر پہنچی برطانوی فٹبال ٹیم مانچسٹر یونائیٹیڈ نے انڈونیشیا کا دورہ منسوخ کردیا ہے۔ مانچسٹر یونائیٹڈ نے پیر کے روز انڈونشیا کی آل سٹار ٹیم کے ساتھ ایک میچ کھیلنا تھا۔

رپورٹ : افسراعوان

ادارت : امجد علی