1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بالی وُڈ کا 'شہنشاہ‘ بھی کورونا وائرس ميں مبتلا

12 جولائی 2020

بالی وُڈ کے مشہور اداکار اميتابھ بچن اور ان کے بيٹے ابھیشيک بچن کورونا وائرس ميں مبتلا ہو گئے ہيں البتہ دونوں کی طبيعت مستحکم ہے۔ بچن بھارت ميں اس مہلک مرض کے بارے ميں آگاہی پھيلانے ميں سرگرم رہے ہيں۔

https://p.dw.com/p/3fBPz
Filmszene mit Vinod Khanna
تصویر: Imago Images/Prod.DB

 

مشہور زمانہ بھارتی اداکار اميتابھ بچن اور ان کے صاحب زادے ابھیشيک بچن کورونا وائرس ميں مبتلا ہو گئے ہيں۔ ہسپتال اور حکومتی ذرائع کے مطابق دونوں کی حالت ٹھيک ہے اور فی الحال کوئی خطرے کی بات نہيں۔ اميتابھ بچن نے ہفتے گيارہ جولائی کی رات ايک ٹوئيٹ کے ذريعے مطلع کيا کہ ان کے کورونا ٹيسٹ کا نتيجہ مثبت آيا ہے۔ اسی ٹوئيٹ ميں انہوں نے يہ بھی بتايا تھا کہ ان کے اہل خانہ اور اسٹاف کے بھی ٹيسٹ کرا ليے گئے ہيں اور نتائج کا انتظار ہے۔

ستتر سالہ اميتابھ کی ٹوئيٹ کے کچھ ہی دير بعد ان کے چواليس سالہ صاحب زادے ابھیشيک بچن نے بھی ايک ٹوئٹر پيغام ميں بتايا کہ وہ بھی کووڈ انيس ميں مبتلا ہو گئے ہيں۔ ان دونوں کو ممبئی کے ناناوتی ہسپتال منتقل کر ديا گيا ہے گو کہ فی الحال دونوں کی علامات زيادہ سنجيدہ نہيں۔

اتوار بارہ جولائی کو اس سلسلے ميں ہسپتال اور محکمہ صحت کے اہلکاروں نے تصديق کی کہ دونوں کی طبيعت مستحکم ہے۔ اميتابھ بچن کی اہليہ جيا بچن اور ابھیشيک بچن کی اہليہ ايشوريا رائے بچن کے بھی ٹيسٹ کرا ليے گئے ہيں۔ 

دريں اثناء شہری حکام نے ممبئی ميں اميتابھ بچن کی رہائش گاہ کو جراثيم سے پاک کرنے کے ليے وسيع تر کارروائياں شروع کر رکھی ہيں۔ ان کی رہائش گاہ کے اندر اور باہر بڑے پيمانے پر جراثيم کش ادويات چھڑکائی گئيں۔

Indien Tirupati - Hochzeit von Abhishek Bachchan und Aishwarya Rai
تصویر: Getty Images/AFP/N. Seelam

بالی وڈ کے ليجنڈ اداکار اميتابھ بچن اپنے ملک ميں کورونا وائرس کے بارے ميں آگاہی پھيلانے کے سلسلے ميں کافی سرگرم رہے ہيں۔ انہوں نے عوام کو عالمی وبا کے بارے ميں آگاہ کرنے کے ليے کئی اشتہارات ميں حصہ ليا۔ اميتابھ لوگوں کو ماسک پہننے، سماجی سطح پر فاصلہ برقرار رکھنے اور ديگر احتياطی تدابير کی تلقين کرتے آئے ہيں۔

اميتابھ بچن کے کورونا وائرس کا شکار بننے سے متعلق خبر کے منظر عام پر آنے کے بعد نہ صرف پاکستان بلکہ پاکستان ميں بھی ايک بڑی تعداد ميں لوگ ان کی جلد صحت يابی کے ليے دعا گو ہيں۔ پاکستانی ميزبان، اداکار اور ريڈيو ہوسٹ ڈينو علی اپنی ٹوئيٹ ميں اميتابھ کے ليے پاکستان سے جلد صحت يابی کا پيغام بھيجتے ہيں۔

راولپنڈی ايکسپريس شعيب اختر نے بھی ايک ٹوئيٹ ميں لیجنڈری بالی وڈ ايکٹر کی جلد صحت يابی کی دعا کی۔

پاکستان اور بھارت اس وقت خطے کے سب سے زيادہ متاثرہ ملکوں ميں شامل ہيں۔ اتوار کے اعداد و شمار کے مطابق بھارت ميں کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد تقریباً آٹھ لاکھ اکيس ہزار تک پہنچ چکی ہے جب کہ پاکستان ميں متاثرين لگ بھگ ڈھائی لاکھ کے قريب ہيں۔

ع س / ع ح )روئٹرز(