1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی فوجی پر قتل کےالزامات ثابت، عمر قید کی سزا

11 نومبر 2011

امریکہ کی ایک فوجی عدالت نے سارجنٹ کیلون گبز کو افغانستان میں تین شہریوں کو قتل کرنے کےالزام میں عمر قید سنا دی ہے۔ افغانستان میں تعیناتی کے دوران گبز شہریوں کو قتل کرنے کے بعد ان کی انگلیاں کاٹ کر اپنے پاس رکھ لیتا تھا۔

https://p.dw.com/p/138pI
تصویر: AP

پانچ ارکان پر مشتمل فوجی عدالت نے جمعرات کو اسٹاف سارجنٹ کیلون گبز کو پندرہ الزامات ثابت ہونے پر عمر قید سنائی اور کہا کہ پیرول پر رہا کیے جانے سے قبل یہ کم ازکم دس برس تک جیل میں ہی رہے گا۔ گبز پر الزام تھا کہ اس نے افغانستان میں اپنی تعیناتی کے دوران گزشتہ برس جنوری تا مارچ کم ازکم تین شہریوں کو صرف ’تھرل‘ کے لیے ہلاک کیا۔

چھبیس سالہ کیلون گبز کو ’بدمعاش فوجیوں کے ایک ٹولے‘ کا سربراہ کہا جاتا تھا، جو شہریوں کو قتل کرنے کے بعد ان کے اعضاء کاٹ کر اپنے پاس رکھ لیتا تھا۔ اس ’ٹولے‘ کے تین ممبران پہلے ہی اعتراف جرم کر چکے تھے اور انہوں نے گبز کے خلاف گواہی بھی دی تھی۔ تاہم گبز کا کہنا تھا کہ اس نے اپنے دفاع کے لیے شہریوں کو ہلاک کیا تھا۔

Afghanistan / US-Soldaten / Helmand / NO-FLASH
افغان حکام اور عوام دونوں ہی شہری ہلاکتوں پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہیںتصویر: AP

گبز کے وکیل کا مؤقف تھا کہ اس کے مؤکل کے ساتھیوں نے اس کے خلاف گواہی اس لیے دی ہے تاکہ وہ اپنے گناہوں پر پردہ ڈال سکیں۔ انہوں نے فوجی عدالت سے یہ درخواست بھی کی کہ ان کے مؤکل پر رحم کیا جائے اور اسے ایسی سزا سنائی جائے، جس کے بعد وہ اپنی زندگی کے دوران اپنے بیٹے اور اہلیہ سے مل سکے۔

کورٹ مارشل کے دوران سزا سناتے ہوئے پراسیکیوٹر میجر رابرٹ اسٹیلے نے گبز کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس نے اپنی قوم کو دھوکا دیا ہے، ’یہ دھوکا دہی کا کیس ہے۔ گبز نے اپنے ساتھیوں اور یونٹ کو بھی دھوکا دیا ہے‘۔

گبز کا کورٹ مارشل گزشتہ ہفتے شروع ہوا تھا، جمعہ کے دن اس نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ افغانستان میں اپنی تعیناتی کے دوران کسی غلط کاری کا مرتکب نہیں ہوا تاہم اس نے اعتراف کیا کہ وہ ہلاک شدگان کی انگلیاں اور دانت اپنے ساتھ لے آتا تھا۔ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ گبز اپنے ساتھیوں کے ہمراہ شہریوں کو ہلاک کرنے کے بعد ان پر اسلحہ رکھ دیتا تھا اور ظاہر کرتا تھا کہ وہ انتہا پسند تھے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں