1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکیوں کی اکثریت کا خدا کے وجود پر ایمان

23 دسمبر 2009

ایک حالیہ جائزے کے مطابق اوسطً ہر دَس میں سے آٹھ سے زیادہ امریکیوں نے کہا ہے کہ وہ خدا کے وجود پر یقین رکھتے ہیں لیکن ہر دَس میں سے صرف تین امریکیوں کے خیال میں خدا زمین پر پیش آنے والے واقعات کو کنٹرول بھی کرتا ہے۔

https://p.dw.com/p/LB7X
تصویر: AP

ہَیرِس پولنگ ایجنسی کے اِس سروے کے لئے دو سے لے کر گیارہ نومبر تک دو ہزار سے زیادہ بالغ امریکیوں کی آن لائن رائے لی گئی جبکہ نتائج منگل بائیس دسمبر کو جاری کئے گئے۔ اِس سروے میں ایک فیصد امریکیوں نے یہ بھی کہا کہ خدا کوئی مذکر نہیں بلکہ ایک مؤنث وجود ہے۔

جن بیاسی فیصد امریکیوں نے خدا کے وجود کا اقرار کیا، اُن میں سے پندرہ فیصد ایسے تھے کہ اُنہیں خدا کے ہونے پر کسی حد تک یقین ہے جبکہ صرف اُنسٹھ فیصد ہی ایسے تھے، جنہیں پورا پورا یقین تھا کہ خدا وجود رکھتا ہے۔ خدا پر یقین رکھنے والے امریکیوں کی زیادہ تر تعداد کا تعلق کٹر مسیحی باشندوں، ری پبلکنز، امریکہ کے جنوبی علاقوں کے باسیوں اور سیاہ فاموں سے تھا۔ خدا پر یقین نہ رکھنے والوں کا تعلق زیادہ تر نوجوان اور یونیورسٹی سطح کی تعلیم کے حامل طبقے سے تھا۔ ڈگری رکھنے والوں اور پوسٹ گریجوایٹ امریکیوں کی ایک تہائی سے زیادہ تعداد نے کہا کہ اُنہیں خدا پر یقین نہیں۔

Atheist advertising campaign launched
لندن میں لادینوں کا ایک اجتماع ۔ فائل فوٹوتصویر: picture alliance / empics

تقریباً اڑتیس فیصد امریکیوں کے خیال میں خدا ایک مرد ہے جبکہ چونتیس فیصد کے خیال میں اُسے کسی مخصوص جنس کے ساتھ مربوط نہیں کیا جا سکتا۔ تاہم ایک فیصد سے کم ایسے بھی امریکی تھے، جنہوں نے کہا کہ خدا ایک عورت ہے۔ گیارہ فیصد کی رائے میں خدا مرد اور عورت دونوں کے اوصاف رکھتا ہے۔

سروے میں یہ بھی پوچھا گیا کہ زمین پر پیش آنے والے واقعات میں خدا کا ہاتھ کتنا ہے۔ تینتالیس فیصد نے کہا کہ خدا صرف مشاہدہ کرتا ہے کہ زمین پرکیا ہو رہا ہے لیکن وہ مداخلت نہیں کرتا۔ تیس فیصد نے کہا کہ خدا زمین کے حالات اور واقعات پر نظر بھی رکھتا ہے اور اُنہیں کنٹرول بھی کرتا ہے۔

رپورٹ : امجد علی

ادارت : شادی خان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں