1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستشمالی امریکہ

ستر برسوں بعد ایک خاتون کی سزائے موت پر عمل

17 اکتوبر 2020

امریکی محکمہء انصاف نے قتل کے جرم میں قید ایک مجرمہ کو سزائے موت دینے کا اعلان کیا ہے۔ موت کی سزا پر عمل درآمد زہریلے ٹیکے کی مدد سے کیا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/3k4LA
USA Todesstrafe
تصویر: picture-alliance/AP Photo/S. Ogrocki

سات دہائیوں میں پہلی بار بعد جس خاتون مجرمہ کو موت کی سزا دی جائے گی، اس کا نام لیزا مونٹگمری ہے۔ اس مجرمہ پر 2004 میں ایک حاملہ خاتون کو قتل کرنے کا الزام ثابت ہوا تھا۔ اس خاتون کو عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزائے موت رواں برس آٹھ دسمبر کو دی جائے گی۔

بنگلہ دیش نے ریپ کی سزا موت مقرر کر دی

امریکا: سیاہ فام شخص کو سزائے موت دے دی گئی

لیزا مونٹگمری نے سن 2004 میں حاملہ خاتون بوبی جو سٹینٹ کو گلا گھونٹ کر ہلاک کیا تھا۔ اس قتل کی واردات کو انتہائی بھیانک قرار دیا گیا تھا۔ مقتولہ آٹھ ماہ کی حاملہ تھی۔ قاتلہ مونٹگمری نے کچن میں استعمال ہونے والی چھری سے مقتولہ کے رحم میں سے بچہ نکال کر اپنے ساتھ یہ ظاہر کرتے ہوئے لے گئی کہ وہ اس کا اپنا بچہ تھا۔

سن 2007 میں ایک امریکی ڈسٹرکٹ عدالت نے استغاثہ کے دلائل اور شواہد کی بنیاد پر قاتلہ کو قتل اور اغوا کے جرائم سرزد کرنے پر سزائے موت کی سزا سنائی۔ وکلائے صفائی نے عدالت اور جیوری کے سامنے یہ ثابت کرنے کی بہت کوشش کی واردات کے وقت مجرمہ شدید واہمے کے نفسیاتی عارضے کے اثر میں تھی لیکن اس دلیل کو تسلیم نہیں کیا گیا۔

Symbolbild Todesstrafe USA
زہریلے ٹیکے کی مدد سے سزائے موت پر عمل درآمد کیا جائے گا۔تصویر: imago/blickwinkel

لیزا مونٹگمری کی وکیل کیلی ہنری کا کہنا ہے کہ مجرمہ اپنے جرم کی ذمہ داری ضرور قبول کر چکی ہے لیکن وہ ذہنی طور پر بیمار ہے اور اس بنیاد پر اس کی سزا پر عمل درآمد نہیں ہونا چاہیے۔ ان کا یہ بھی کہنا کہ مجرمہ کا بچپن خاصا تکلیف دہ رہا تھا اور یہ بھی اس کی بیماری کو شدید تر کرنے کی وجہ رہی ہے۔ انہوں نے اپنی مؤکلہ کو دسمبر میں سزائے موت پر دینے کے اعلان کو غیر منصفانہ فعل قرار دیا۔ خاتون وکیل کے مطابق موت کی سزا کو ویسے بھی موقوف کر دینا چاہیے کیونکہ مجرمہ کے پاس رہائی کا کوئی موقع نہیں اور وہ تمام عمر جیل میں ہی رہے گی۔

آخری مرتبہ سن 1953 میں بونی ہیڈی نامی مجرمہ کو امریکا میں موت کی سزا دی دی گئی تھی۔ ہیڈی کو سزائے موت زہریلی گیس کے چیمبر میں دی گئی تھی۔ اس طرح سڑسٹھ برس بعد ایک اور خاتون کی سزائے موت پر ڈیڑھ ماہ بعد عمل کیا جائے گا۔ امریکا میں موت کی سزا پر عمل درآمد  کا سلسلہ ٹرمپ انتظامیہ کے دور میں شروع ہوا ہے۔

مونٹگمری کو سزائے موت امریکی ریاست انڈیانا میں واقع وفاقی حکومت کی انتہائی سخت نگرانی والی 'ٹیرا ہوٹ‘ جیل میں دی جائے گی۔ یہ جیل اسی نام کے ایک چھوٹے سے قصبے میں تعمیر کی گئی ہے۔ اس جیل میں سزائے موت پانے والے مجرموں کو اس لیے رکھا جاتا ہے کہ وہاں خصوصی ڈیتھ چیمبر بنایا گیا ہے۔ کئی مجرموں کو موت کی سزا دینے کے لیے دوسری جیلوں سی بھی یہاں منتقل کیا جاتا ہے۔

امریکا میں اسی سال جولائی سے اب تک چھ افراد کو موت کی سزا دی جا چکی ہے۔ خاتون مجرمہ کی سزائے موت سے قبل دو دوسرے مجرموں کی دی گئی موت کی سزا پر عمل کیا جائے گا۔ ان کی تمام اپیلیں مسترد ہو چکی ہیں۔ اس طرح لیزا مونٹگمری جولائی سے سزائے موت کا سلسلہ دوبارہ شروع ہونے پر نوویں مجرمہ ہوں گی۔

ع ح، ع ت (اے پی، روئٹرز)