1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا سے پیٹریاٹ میزائل خریدیں گے، ایردوآن

14 ستمبر 2019

ترک صدر رجب طیب ایردوآن کا کہنا ہے کہ وہ ترکی کے لیے امریکی پیٹریاٹ میزائلوں کے حصول کے لیے صدر ٹرمپ سے گفتگو کریں گے۔

https://p.dw.com/p/3PbZL
Trump und Erdogan
تصویر: picture-alliance/AP Photo/T. Zenkovich

ترک صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ان کے قریبی اور ذاتی نوعیت کا تعلق روسی میزائل خریدنے کے باعث پیدا ہونے والے بحران کو حل کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

نیوز ایجنسی روئٹرز کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں ترک صدر نے روسی ہتھیار خریدنے کے بعد سے امریکا اور ترکی کے مابین تناؤ کم کرنے کا عندیہ بھی دیا اور امریکی پیٹریاٹ میزائلوں کی خریداری میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔

قطر اور ترکی کا سعودی ولی عہد کے خلاف ’اعلان جنگ‘؟

صدر ایردوآن کا کہنا تھا کہ انہوں نے قریب دو ہفتے قبل صدر ٹرمپ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی تھی۔ ترک صدر کا کہنا تھا، ''میں نے کہا ایس 400 کا جو بھی پیکیج ہم خریدیں، اس سے قطع نظر ہم آپ سے خاص تعداد میں پیٹریاٹ میزائل خرید سکتے ہیں۔ لیکن میں نے یہ بھی کہا کہ ہمیں دیکھنا ہو گا کہ یہ میزائل کم از کم ایس چار سو سے مطابقت رکھتے ہوں۔ انہوں (ٹرمپ) نے کہا، کیا آپ سنجیدہ ہیں، میں نے کہا جی ہاں۔‘‘

ایردوآن کے مطابق اس کے جواب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ اس معاملے پر باہمی ملاقات میں تفصیل سے گفتگو کی جائے گی اور اس کے ساتھ مشترکہ پروڈکشن کے امکان اور فراہمی کی شرائط پر تبادہ خیال بھی کیا جائے گا۔

ترکی میزائل نظام کے بعد اب جدید طیارے بھی روس سے خریدے گا؟

روسی ایس چار سو دفاعی میزائل نظام خریدنے کے بعد امریکا نے ترکی کو جنگی طیاروں اور میزائلوں کی فروخت روک دی تھی۔ روئٹرز نے صدر ایردوآن سے پوچھا کہ کیا انہوں نے ایران پر عائد امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے پر ترک سرکاری بینک پر بھاری جرمانہ عائد کیے جانے کی خبروں پر بھی صدر ٹرمپ سے بات کی تو اس کے جواب میں ترک صدر کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کے ساتھ 'مختلف طرح کا اعتماد‘ ہونے کے باعث انہیں پورا یقین ہے کہ امریکا ایسی 'غلطی‘ نہیں کرے گا۔

ترک صدر نے کہا، ''میرے خیال میں امریکا جیسا ملک اپنے اتحادی ملک ترکی کو مزید نقصان نہیں پہنچانے چاہے گا کیوں کہ یہ عقلی رویہ نہیں ہے۔‘‘

صدر ایردوآن کے مطابق ترک سرحد کے قریبی شامی علاقوں میں سیف زون کے قیام کے منصوبے پر بھی امریکی ہم منصب سے بات چیت جاری ہے۔

ش ح / ا ا (روئٹرز)