1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

الٹی گنگا: پولیس کے ہاتھوں چالان کی بجائے سو سو ڈالر کے نوٹ

مقبول ملک20 دسمبر 2015

امریکی ریاست جارجیا میں بہت سے ڈرائیور اس وقت حیران رہ گئے جب مونرو کاؤنٹی میں پولیس اہلکاروں نے سڑک پر ایسے ڈرائیوروں کو روک کر، جو چالان ہو جانے کے خوف کا شکار تھے، سو سو ڈالر کے نوٹ تھمانے شروع کر دیے۔

https://p.dw.com/p/1HQl6
Symbolbild Geldsegen Dollar
تصویر: Fotolia/Sergey Galushko

ریاست جارجیا کی مونرو کاؤنٹی کے شہر فورسیتھ سے اتوار بیس دسمبر کے روز موصولہ نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ کئی واقعات میں ایسا ہوا کہ پولیس نے گاڑی چلاتے ہوئے جن ڈرائیوروں کو روکا، ان کا خیال تھا کہ انہوں نے کوئی غلطی کی ہے اور ان کا چالان کر کے انہیں جرمانے کی رسید تھما دی جائے گی۔ لیکن ہوا یہ کہ ایسے جس بھی ڈرائیور کو روکا گیا، اس کے ہاتھ میں پولیس افسران نے چالان کی بجائے سو ڈالر کا ایک نوٹ تھما دیا۔

ایک مقامی اخبار ’ٹیلیگراف‘ نے بتایا کہ مونرو کاؤنٹی کی پولیس کے سربراہ جان کیری بِٹِک نے اپنے محکمے کے جونیئر افسروں کو سو سو ڈالر کے 54 نوٹ دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ تین دنوں کے عرصے میں یہ رقم کسی بھی ایسے شہری یا ڈرائیور کو دے سکتے ہیں، جسے وہ اس کا حقدار سمجھتے ہوں۔

اخبار کے مطابق پولیس چیف کو یہ رقم ایک ایسی سماجی شخصت نے دی تھی، جو اپنا نام ظاہر نہیں کرنا چاہتی تھی اور شرط یہ تھی کہ اسے لوگوں کی خوشی کے لیے استعمال کیا جائے۔

پولیس سربراہ کے بقول جس شخص نے انہیں یہ رقم دی، وہ اسی طرح کا ایک کام پہلے کہیں ہوتا دیکھ چکا تھا۔ جان کیری بِٹِک نے بتایا کہ اس شخص کا خیال تھا کہ پولیس اور عام شہریوں کے درمیان پورے امریکا میں پائی جانے والی کم اعتمادی اور عمومی کشیدگی کے پس منظر میں یہ ایک اچھا اقدام ہو سکتا تھا کہ لوگوں کی سوچ پر مثبت انداز میں اثر انداز ہوا جائے۔

کاؤنٹی اخبار ’ٹیلیگراف‘ کے مطابق پولیس افسران نے جن ڈرائیوروں کو روکا، وہ بظاہر پریشان نظر آنے والے ایسے شہری تھے، جنہیں ’خوشی کی ضرورت‘ تھی۔ چند ڈرائیور جنہیں یہ نقد رقم دی گئی، اتنے خوش ہوئے کہ ان کی آنکھوں میں آنسو آ گئے اور انہوں نے اسے اپنے لیے کرسمس کا تحفہ سمجھا۔

ایک پولیس افسر جان ٹامپسن نے کہا کہ انہوں نے ایک ایسی خاتون ڈرائیور کو بھی روکا تھا، جس نے رکتے ہی اور نقد رقم کے ممکنہ تحفے کا علم ہونے سے پہلے اس اہلکار کے ساتھ ’بد زبانی اور خفگی کا اظہار‘ کرنا شروع کر دیا تھا۔ جان ٹامپسن نے بتایا، ’’یہ خاتون سو ڈالر کے نوٹ سے محروم ہی رہی۔‘‘

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں