1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اقوام متحدہ کی خصوصی مندوب بھارتی زیر انتظام کشمیر میں

20 جنوری 2011

اقوام متحدہ کی خصوصی مندوب مارگریٹ سیکاگیا بدھ کو بھارتی زیر انتظام کشمیر پہنچ گئی ہیں۔ اپنے اس دورے میں وہ ہمالیہ کے اس متنازعہ علاقے میں انسانی حقوق کی صورتحال کا جائزہ لیں گی۔

https://p.dw.com/p/zzpD
مارگریٹ سیکاگیاتصویر: DW/Helle Jeppesen

مارگریٹ سیکاگیا اپنے دور روزہ دورہ کشمیر کے بعد اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق کو ایک ’فیکٹ فائنڈنگ‘ رپورٹ جمع کروائیں گی۔ سری نگر پہنچنے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اپنی اس رپورٹ میں نہ صرف ان چیلنجوں کے بارے میں لکھیں گی، جو وہاں انسانی حقوق کے اداروں کے لئے اہم ہیں بلکہ اس حوالے سے وہ اپنی تجاویز بھی پیش کریں گی۔

یوگینڈا سے تعلق رکھنے والی معروف وکیل مارگریٹ نے بتایا ہے کہ کشمیر پہنچنے کے بعد انہوں نے کئی ایسے لوگوں سے ملاقاتیں کی ہیں، جنہیں مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے ان کے بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کی گئی ہے۔ مارگریٹ اپنے اس دورے میں مختلف فریقین سے ملاقات کرنے کے بعد ایک خصوصی رپورٹ ترتیب دیں گی۔ اس رپورٹ کا مقصد بھارتی زیر انتطام کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے حوالے سے خبروں اور الزامات کی صداقت جاننا ہے۔

Asma Jahangir die Anwältin und Menschenrechtlerin aus Pakistan
پاکستان کی معروف وکیل اور انسانی حقوق کی فعال کارکن عاصمہ جہانگیرتصویر: AP

مارگریٹ ایسی دوسری خاتون ہیں ، جنہیں بھارتی زیر انتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال جاننے کے لئے اقوام متحدہ کی طرف سے تعینات کیا گیا ہے۔ اس سے قبل سن 2008ء میں اقوام متحدہ نے اسی کام کی غرض سے عاصمہ جہانگیر کی خدمات لی تھیں۔

مارگریٹ کے دورہ کشمیر سے ایک ہفتہ قبل ہی نئی دہلی نے اعلان کیا تھا کہ وہ کشمیری لوگوں کی روزمرّہ زندگی کو پرسکون بنانے کے لئے وہاں تعینات فوج کی تعداد میں کمی کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ گزشتہ سال کشمیر میں بھڑکنے والے پر تشدد مظاہروں کے بعد بھارتی حکومت کی طرف سے سامنے آنے والے اس اعلان کا مقصد وہاں کی مقامی آبادی کی حمایت حاصل کرنا بتایا جا رہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ سال کشمیر میں پر تشدد مظاہروں کے نتیجے میں سکیورٹی فورسز نے کم از کم ایک سو شہریوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں