1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اقتصادی بحالی کیلئے آسیان کے اقدامات

ندیم گل2 مارچ 2009

دنیا بھر میں عالمی مالیاتی بحران سے نمٹنے کی تدبیریں کی جا رہی ہیں۔ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم آسیان کا حالیہ اجلاس بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی تھا۔

https://p.dw.com/p/H4GO
آسیان ممالک کے سربراہان کانفرنس کے موقع پر ہاتھوں میں ہاتھ ڈالےتصویر: picture-alliance/ dpa

آسیان ممالک کے رہنماؤں نے اپنی معیشتوں کی بحالی کے لئے وسیع تر علاقائی تعاون پر زور دیا ہے۔ تھائی لینڈ کے شہر ہُوا ہن میں اتوار کو اس گروپ کے تین روزہ اجلاس کے اختتام پر ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں آئندہ چھ سال میں یورپی یونین کی طرز پر ایک اقتصادی خطہ قائم کرنے کا اعلان بھی کیا گیا۔

رکن ممالک کے رہنماؤں نے اقتصادی سرگرمیوں کو سہارا دینے اور قرضوں تک رسائی کو آسان بنانے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اقتصادی تناظر میں پروٹیکشن ازم کی پالیسی کی سخت مخالفت کی جائے گی۔

Themenbild Asien Baustelle Schanghai China ASEAN
آسیان ممالک کے رہنماؤں نے اپنی معیشتوں کی بحالی کے لئے وسیع تر علاقائی تعاون پر زور دیا ہے۔تصویر: AP

ان نے ممالک بین الاقوامی مالیاتی نظام میں ایسی اصلاحات پر بھی زور دیا جن سے ترقی پذیر ریاستوں کو فائدہ پہنچ سکے۔

آسیان کے چیئرمین اور تھائی لینڈ کے وزیر اعظم ابھیشیت ویجا جیوا نے عالمی مالیاتی بحران، خوراک و توانائی کے وسائل کی صورت حال، انسانی تجارت اور دہشت گردی کو خطے کے لئے سب سے بڑے خطرات قرار دیا: "آسیان کو ان تمام چیلنجز سے فوری اور مؤثر طور پر نمٹنے کے قابل ہونا چاہئے۔"

ایک نیوز کانفرنس سے خطاب میں ابھیشیت ویجاجیوا نے کہا کہ آسیان ممالک ایک دوسرےکو اپنی مالیاتی پالیسیوں سے آگاہ کرتے رہیں گے۔ آسیاں نے حالیہ اجلاس کے پہلے روز اس تنظیم کا آسڑیلیا اور نیوزی لینڈ کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدہ بھی طے پایا ہے۔

اتوار کو آسیان کے وزرا نے توانائی کے ایک معاہدے پر بھی دستخط کئے جس کے تحت رکن ممالک کو بحران کے دوران رعائتی داموں پر تیل خریدنے کی اجازت ہوگی۔

14. ASEAN Gipfel in Thailand Asien
ملائیشیا کے وزیر اعظم اپنے تھائی ہم منصب کے ہمراہتصویر: picture-alliance/ dpa

آسیان ممالک کی معیشت کا انحصار برآمدات پر ہے اور اسی لئے عالمی مالیاتی بحران نے ان ممالک کو بھی سخت تشویش میں مبتلا کر رکھا ہے۔

دس رکنی آسیان میں برونائی، کمبوڈیا، انڈونیشیا، لاؤس، ملائشیا، فلپائن، سنگاپور، میانمار، تھائی لینڈ اور ویت نام شامل ہیں۔ اس خطے کی مجموعی آبادی 570 ملین ہے جبکہ اس کی مجموعی اقتصادی پیداوار کا حجم 1.4 ٹریلین ڈالر ہے۔