1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان کی کرکٹ کے میدان میں ایک اور فتح

8 اگست 2011

کرکٹ کے میدان میں افغانستان کی ٹیم کی فتوحات کا سلسلہ جاری ہے۔ بہت کم عرصے میں بین الاقوامی سطح پر شہرت پانے والی افغان ٹیم نے کینیڈا میں کھیلے گئے ایک روزہ میچ میں میزبان ٹیم کو دو وکٹوں سے شکست دی۔

https://p.dw.com/p/12Czy
تصویر: AP

یہ میچ بارش کے سبب مقررہ پچاس اوورز تک نہ کھیلا جاسکا۔ کینیڈا کی ٹیم ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 44 اعشاریہ 5 اوورز میں 230 رنز تک محدود رہی۔ کینیڈا کی ٹیم کو ان کے افتتاحی بلے بازوں نے شاندار آغاز فراہم کیا اور لگ رہا تھا کہ وہ بآسانی 300 کا مجموعہ عبور کر لیں گے۔ اوپنر ہیرال پٹیل اور رویندو گوناسیکرا کی شراکت میں پہلے 10 اوورز کے دوران 7 اعشاریہ پانچ رنز فی اوور کے حساب سے 75 رنز بنے۔ پٹیل نے 85 گیندیں کھیل کر 62 اور گوناسیکرا نے محض 40 گیندیں کھیل کر 57 رنز کی دھواں دھار اننگ کھیلی۔

یہ دونوں جیسے ہی آؤٹ ہوئے، افغان ٹیم نے کھیل پر اپنی گرفت مضبوط کر لی۔ ان کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے کینیڈا کی مڈل آرڈر نہ سنبھل سکی اور مقررہ اننگز کے پورے پچاس اوورز کھیلے بغیر ہی سارے بلے باز پویلین لوٹ گئے۔ افغانستان کی جانب سے محمد نبی کھیل پر چھائے رہے، جنہوں نے 31 اوورز میں چار وکٹیں لیں۔ ایک موقع پر کینیڈا کی سات وکٹیں محض 49 رنز پر گریں۔

افغان ٹیم کے لیے 231 رنز کے ٹارگٹ کو بارش کے سبب کم کیا گیا۔ انہیں جیت کے لیے 43 اوورز میں 213 رنز کا ہدف دیا گیا۔ مہمان ٹیم کی بیٹنگ کا آغاز بہت ہی خراب رہا۔ ان کے افتتاحی بلے باز نور علی زدران اور محمد شہزاد ایک ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

Cricket Mannschaft Afghanistan
افغانستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی تربیتی مشق کے دورانتصویر: AP

تین اوورز میں افغانستان کے دو کھلاڑی سات کے مجموعے پر پویلین لوٹ چکے تھے۔ اس موقع پر کپتان نوروز منگل اور شبیر نوری نے اننگز کو سہارا دیا۔ منگل 34 رنز بنا کر پویلین لوٹے تو راز محمد نبی میدان میں اترے اور نوری کا خوب ساتھ دیا۔ دونوں کی شراکت میں چوتھی وکٹ کے لیے 114 رنز بنے۔ نوری نے گیارہ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 94 رنز بنائے مگر سینچری مکمل نہ کرسکے۔ راز محمد نے 58 رنز بنائے۔

اس جوڑی کے پویلین لوٹنے کے بعد افغان ٹیم کی بیٹنگ لائن ایک مرتبہ پھر لڑکھڑائی اور پانچ بلے باز محض 24 رنز جوڑ کر آؤٹ ہوئے۔ بالآخر سمیع اللہ شینواری اور میروئیس اشرف نے باقی ماندہ رنز بناکر جیت کو یقینی بنایا۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں