1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان: ایک امریکی فوجی ہلاک، دو زخمی

امتیاز احمد5 جنوری 2016

افغانستان کے جنوبی صوبے ہلمند میں ایک خصوصی کارروائی کے دوران کم از کم ایک امریکی فوجی کی ہلاکت جب کہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ دریں اثناء کابل میں بھی ایک زوردار دھماکا ہوا ہے۔

https://p.dw.com/p/1HYj1
US Soldaten in Afghanistan
تصویر: Getty Images/AFP/N. Shirzada

امریکی میڈیا اور مختلف نیوز ایجنسیوں کی رپورٹوں کے مطابق افغانستان میں ایک کارروائی کے دوران متعدد امریکی فوجی زخمی اور ہلاک ہو گئے ہیں، تاہم ابھی تک مکمل تفصیلات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔

دوسری جانب نیٹو افواج کے دفاعی اہلکار بریگیڈیئر جنرل ولسن اے نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کارروائی کے دوران ایک امریکی فوجی ہلاک جب کہ دو دیگر امریکی فوجی زخمی ہو گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ یہ امریکی فوجی صوبہ ہلمند کے ضلع مرجاہ کے قریب جاری ایک آپریشن میں شریک تھے۔ بریگیڈیئر جنرل ولسن اے کا نیوز ایجنسی اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’ہم اس نقصان پر انتہائی افسردہ ہیں۔‘‘

اسی طرح نیٹو کے ایک ترجمان کا کہنا تھا، ’’ ہماری دلی ہمدردیاں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ اور ان کے دوستوں کے ساتھ ہیں۔‘‘ ایک امریکی دفاعی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ یہ ایک اسپیشل آپریشن مشن تھا، جس میں افغان فوجی بھی زخمی ہوئے ہیں۔

نیوز ایجنسی اے پی کے مطابق اس واقعے کے بعد زخمیوں کو لینے جانے والے ایک ہیلی کاپٹر کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس کی وجہ سے اس ہیلی کاپٹر کو وہیں روکنا پڑا۔ بتایا گیا ہے کہ اس واقعے میں ہیلی کاپٹر کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ تاہم امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر کو تکنیکی مسائل کا سامنے ہے اور اسے حملے کا نشانہ نہیں بنایا گیا ہے۔ نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق ہیلی کاپٹر کے قریب ہی ایک مارٹر گولہ پھٹا ہے، جس کی وجہ سے اسے بھی نقصان پہنچا ہے۔ این بی سی نیوز کے مطابق طالبان کی طرف سے مارٹر گولوں اور خود کار ہتھیاروں کے ذریعے شدید حملہ کیا گیا۔

دوسری جانب افغانستان کے دارالحکومت میں ایک شدید نوعیت کا بم دھماکا ہوا ہے، جس کے باعث کابل ایک مرتبہ پھر لرز اٹھا۔ نیوز ایجنسی روئٹرز نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ دھماکا اس علاقے میں ہوا ہے، جہاں غیرملکی سفارتخانے واقع ہیں۔