1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان اور آئرلینڈ کو ٹیسٹ کرکٹ اسٹیٹس دینے پر اتفاق

عابد حسین
4 فروری 2017

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے دبئی منعقدہ اجلاس میں کئی اہم معاملات پر اصولی اتفاقِ رائے سامنے آیا ہے۔ اس اجلاس میں افغانستان اور آئرلینڈ کو ٹیسٹ کرکٹ اسٹیٹس دینے پر اتفاق ہوا ہے۔

https://p.dw.com/p/2Wz8r
Cricket World T20 Afghanistan - Hong Kong
تصویر: Getty Images/AFP/P. Bhoot

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے گورننگ بورڈ کے دبئی میں منعقدہ اجلاس میں کرکٹ سے جڑے کئی معاملات کے حل کے لیے بنیادی فیصلوں پر اصولی اتفاقِ رائے پیدا ہونے کا بتایا گیا ہے۔ اب اِن فیصلوں کی مزید تراش و خراش مارچ کے اجلاس میں کی جائے گی اور حتمی فیصلوں کی منظوری کونسل کے اپریل میں ہونے والے اجلاس میں دی جائیں گی۔

کل جمعہ تین جنوری سے شروع ہونے والے دو روزہ اجلاس میں جن دو بڑے فیصلوں پر اتفاق کیا گیا ہے، ان میں ایک کا تعلق ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والی اقوام میں اضافہ اور ’بگ تھری‘ کے اختیارات کو محدود کرنے سے ہے۔ ٹیسٹ اسٹیٹس دینے کے حوالے سے بتایا گیا کہ اجلاس میں یہ بھی طے ہوا کہ افغانستان اور آئرلینڈ کو ٹیسٹ کھیلنے کا درجہ دیا جائے کیونکہ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ کا اسٹیٹس حاصل کرنے کے تمام مطلوبہ معیارات کو مکمل کر لیا ہے۔

اجلاس کے مطابق اپریل کے اجلاس میں یہ بھی  طے کیا جائے گا کہ ٹیسٹ کھیلنے والی نو بڑی اقوام تین کم درجے کے ملکوں کے ساتھ دو سال کے عرصے میں ترتیب کے ساتھ ٹیسٹ میچ کھیلیں گی۔ اسی طرح تیرہ ملکی ایک روزہ میچوں کی لیگ کی بھی تجویز سے اراکین متفق ہوئے ہیں۔ یہ لیگ تین برسوں پر محیط ہو گی اور سن 2023 کے ورلڈ کپ کے لیے مختلف ملکوں کی ٹیمیں اسی لیگ سے کوالیفائی کریں گی۔

Indien Bangalore Cricket Weltmeisterschaft 2011 Irland England
افغانستان اور آئرلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کو ٹیسٹ کھیلنے کا اسٹیٹس حاصل ہو سکتا ہےتصویر: AP

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے پلان کے مطابق ٹی ٹوئنٹی کے علاقائی سطح پر میجز کرائے جائیں گے اور یہی مقابلے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفیکشن کی بنیاد بنائے جائیں گے۔ کونسل نے ان تمام تبدیلیوں پر مزید بحث کرنے کے لیے مارچ میں ایک اجلاس پلان کیا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹو ڈیو رچرڈسن کے مطابق ایگزیکٹو کمیٹی نے کئی معاملات کے لیے دیرپا فیصلے کو زیر بحث لا کر اُن کو عملی شکل دینے کی طرف پیش رفت کی ہے۔ 

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیئرمین ششانک منوہر کا کہنا ہے کہ گورننگ بورڈ نے ’بگ تھری‘ کے اختیارات میں کمی لانے پر بھی تفصیل سے غور کیا۔ منوہر کے مطابق وسیع تر اصولوں کی روشنی میں ایک نظرثانی شدہ مالیاتی فارمولے پر بھی غور کیا گیا اور اُسی کی روشنی میں ٹورنامنٹس میں شریک ہونے والی ٹیمیوں کو مالی مراعات فراہم کی جائیں گی۔ ششانک منوہر کے مطابق کونسل کا یہ اجلاس کرکٹ کھیل کے فروغ میں انتہائی اہم تصور کیا جائے گا۔