1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افتخار محمد چوہدری بحال،مختلف حلقوں کا ردعمل

16 مارچ 2009

پاکستانی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی جانب سے عدلیہ کی بحالی کے اعلان کو قومی مفاہمت کے حوالے سے ایک اور مثبت پیش رفت قرار دیا جارہے ہے۔ پاکستانی عوام کی جانب سے بھی اس فیصلے پر زبردست جوش خروش دیکھنے میں آیا ہے۔

https://p.dw.com/p/HCnZ
گیلانی کے اعلان کے بعد لانگ مارچ ختم ہو گیاتصویر: AP

پاکستان اور افغانستان کے لئےامریکی صدر باراک اوباما کے نمائندہ خصوصی رچرڈ ہالبروک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی وزیر اعظم کی جانب سے معزول ججزکی بحالی کا اعلان بہترین قدم ہے اور اس سے ملک میں پائی جانے والی تصادم کی فضا کےخاتمے میں مدد ملے گی۔

اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بھی کہا گیا ہے کہ معزول ججز کی بحالی ملک میں تصادم کے خاتمے کے لئے مدبرانہ فیصلہ ہے اور طویل عرصے سے حل طلب قومی تنازعہ کا خاتمہ پاکستان میں سیاسی مفاہمت کی جانب ٹھوس قدم ہے۔

حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ نواز کے سربراہ میاں نواز شریف نے چیف جسٹس کی بحالی پر صدر زرداری اور وزیراعظم گیلانی کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ججز کی بحالی کے لئے کی جانے والی کوشش ہر طرح کے ذاتی مفاد سے بالا تر تھی اور اس کا مقصد ملک میں ایک آزاد عدلیہ کا تصور تھا۔

سپریم کورٹ بار کے صدر علی احمد کرد نے کہا ہے کہ جسٹس افتخار محمد چوہدری سمیت تمام ججز کی بحالی کے فیصلے سے ملک میں‌ استحکام آئےگا۔

وزیر اعظم گیلانی کی جانب سے چیف جسٹس کی بحالی کے اعلان کے بعد کوئٹہ میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے نازک حالات میں دانش مندی کا مظاہرہ کیا۔ انھوں نے لانگ مارچ ختم کرنے کااعلان کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء نے سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی اور میڈیا کی مدد سے دو سال سے جاری جدوجہد کے ذریعے منزل کے حصول میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔

سابق وزیر اعلی پنجاب اور مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی بحالی پر پوری قوم مبارک باد کی مستحق ہے ۔


لاہور ائیر پورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کے دوران شہباز شریف نے کہا:’’ صدر آصف علی زرداری کو بات کافی دیر کے بعد سمجھ میں آئی لیکن اگر صبح کا بھولا شام کو گھر آئے جائے تو اسے بھولا نہیں کہتے‘‘۔

دوسری جانب چیف جسٹس اور دیگر ججز کی بحالی کے اعلان کے بعد لاہور سمیت ملک کے دیگر کئی شہروں میں جشن کا سماں ہے۔ لاہور میں نوجوان اس اعلان کے بعد سڑکوں پر نکل آئے اور رقص کیا۔ لاہور کےکئی علاقوں میں مٹھایاں تقسیم کی گئی۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی عوام کی جانب سے سڑکوں پر آ کر زبردست نعرے بازی کی گئی۔