1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستجرمنی

اعلیٰ انتظامی عہدوں پر جرمن خواتین کی تعداد میں اضافہ

27 اکتوبر 2021

رواں برس مختلف کاروباری اداروں میں اعلیٰ انتظامی عہدوں پر فائز ہونے والی جرمن خواتین کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ یکم ستمبر تک ایگزیکٹیو عہدوں پر مزید دو درجن سے زائد خواتین براجمان ہو چکی تھیں۔

https://p.dw.com/p/42Erc
Merkel Treffen mit Frauen in Führungspositionen
تصویر: Reuters

ایک غیر منافع بخش تنظیم آل برائٹ فاؤنڈیشن نے ایک سروے مکمل کرنے کے بعد جو رپورٹ مرتب کی ہے، اس کے مطابق رواں برس کے دوران اب تک پچیس خواتین مختلف کاروباری کمپنیوں میں ایگزیکٹیو عہدے سنبھال چکی ہیں۔ ان خواتین کا تعلق ایسی بڑی کمپنیوں سے ہے، جو فرینکفرٹ کے بازارِ حصص میں رجسٹرڈ ہیں اور بزنس کمیونٹی میں نمایاں پوزیشن رکھتی ہیں۔

جرمنی میں خواتین کے لیے انتظامی بورڈ میں کوٹا مخصوص کرنے کی تجویز

ایگزیکٹیو عہدوں پر فائز خواتین

آل برائٹ فاؤنڈیشن کی رپورٹ کے مطابق جرمنی میں رواں برس کاروباری اداروں میں اعلیٰ عہدوں پر خواتین کی تعیناتی کی شرح میں 3.3 فیصد ضافہ ہوا اور یہ مجموعی شرح 13.4 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ ترانوے خواتین مختلف اداروں کے انتظامی بورڈز کا حصہ بھی بنیں۔ اس اضافے کو غیر معمولی قرار دیا گیا ہے۔

Merkel Treffen mit Frauen in Führungspositionen
ایگزیکٹو عہدوں پر فائز خواتین کے ساتھ جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی ایک ملاقات، فائل فوٹوتصویر: Reuters

بظاہر یہ تعداد اب بھی بہت کم خیال کی جاتی ہے کیونکہ اعلیٰ عہدوں پر چھ سو تین مرد براجمان ہیں۔ اس وقت بھی نصف سے زائد جرمن کمپنیوں کے انتظامی بورڈز میں کوئی خاتون موجود نہیں۔

جرمنی اب بھی پیچھے

خواتین کو ایگزیکٹیو عہدوں پر فائز کرنے یا انہیں انتظامی بورڈز کا حصہ بنانے میں جرمنی کئی دیگر ترقی یافتہ اقوام سے پیچھے ہے۔ مثال کے طور پر امریکا کی تیس اعلیٰ ترین کمپنیوں میں خواتین ایگزیکٹیوز کی تعداد اکتیس فیصد سے زائد ہے۔ برطانیہ دوسرے نمبر پر ہے اور وہاں انتظامی اور ایگزیکٹیو منصبوں پر خواتین کی شرح 27.4 فیصد ہے۔

دو خواجہ سرا خواتین بھی وفاقی جرمن پارلیمان میں پہنچ گئیں

آل برائٹ فاؤنڈیشن کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ویبکے آنکرزن کا کہنا ہے کہ کمپنیوں کو ایک دوسرے کے پیچھے چھپنے کی ضرورت نہیں بلکہ عملی اقدامات درکار ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کمپنیوں کو اس تناظر میں پرکھا جائے گا کہ آیا ان میں کوئی حقیقی تبدیلی پیدا ہوئی ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ اس وقت مغربہ دنیا کے صنعتی طور پر ترقی یافتہ ممالک کی کاروباری کمپنیوں کے انتظامی بورڈز میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے کو وقت کی ضرورت قرار دیا جا رہا ہے۔

Treffen von Mlambo-Ngcuka und Lakhdar Brahimi bezüglich der Beteiligung von Frauen bei der Syrien-Konferenz
اقوام متحدہ کی میٹنگ میں شریک ایگزیکٹو عہدوں پر فائز خواتین کا گروپ فوٹوتصویر: UN Women Gallery

قانون سازی

ایک حالیہ قانون سازی کے بعد وہ کمپنیاں جن کے ملازمین کی تعداد دو ہزار یا اس سے بھی زائد ہے، ان کے گورننگ بورڈز میں کم از کم ایک خاتون کی بطور بورڈ ممبر تقرری لازمی ہے۔،

جرمن خواتین اعلیٰ انتظامی عہدوں کی شوقین نہیں، سروے رپورٹ

اسی طرح جن کمپنیوں کے گورننگ بورڈز میں بظاہر کسی خاتون رکن کی ضرورت نہ ہو، ان کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیداروں کی طرف سے نگران حکومتی اتھارٹی کو قابل قبول وجوہات پیش کرنا بھی اب قانوناﹰ لازمی ہے۔

ع ح / م م (ڈی پی اے)