1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اعجاز بٹ اپنے متنازعہ بیان سے دستبردار

30 ستمبر 2010

پاکستانی کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ نے اپنے الزامات واپس لے لئے ہیں کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے دوران کھیلے گئے تیسرے ایک روزہ میچ میں انگلش ٹیم میچ فکسنگ میں ملوث ہوئی تھی۔

https://p.dw.com/p/PQCf
پاکستانی کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹتصویر: AP

اعجاز بٹ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ وہ اپنا یہ بیان واپس لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’میرا قطعی یہ ارادہ نہیں تھا کہ میں انگلش کھلاڑیوں یا انگلش کرکٹ بورڈ کی کردار کشی کروں یا انہیں ٹھیس پہنچاؤں۔‘

انہوں نے اس بات پر افسوس ظاہر کیا کہ ان کے بیان سے غلط فہمیاں پیدا ہوئیں۔ انگلش کرکٹ بورڈ اور کھلاڑیوں نے اعجاز بٹ کے اس بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب یہ معاملہ طے پا گیا ہے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے حالیہ دورہ انگلینڈ کے دوران کچھ کھلاڑیوں پر الزامات عائد کئے گئے تھے کہ وہ سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میچ کے دوران سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہوئے۔ اس پر بین الاقوامی کرکٹ بورڈ نے نہ صرف تحقیقات شروع کیں بلکہ اس سکینڈل میں ملوث تین کھلاڑیوں سلمان بٹ، محمد آصف اور محمد عامر کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے بین الاقوامی کرکٹ میں ان کھلاڑیوں کی شرکت پرعارضی پابندی بھی عائد کر دی۔

بعد ازاں ایک روزہ میچز کی سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان کی جیت پر اعجاز بٹ نے سٹہ بازوں کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اوول میں کھیلے گئے اس میچ میں انگلش کھلاڑیوں نے میچ فکسنگ کی اور وہ دانستہ طور پر ہارے۔

اعجاز بٹ کے اس دعویٰ پر انگلش اور ویلز کرکٹ بورڈ کے علاوہ انگلش کرکٹ ٹیم نے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اعجاز بٹ کو قانونی نوٹس بھجوا دیا کہ اگر وہ اپنے اس بیان پر معافی نہیں مانگتے تو ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

Cricket Pakistan Salman Butt
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کپتان سلمان بٹ نے پابندی کے خلاف اپیل جمع کروا دی ہےتصویر: AP

انگلش اور پاکستانی کرکٹ بورڈ کی طرف سے مشترکہ طور پر جاری کئے گئے بیان میں اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ان کی وجہ سے دونوں بورڈز میں جو غلط فہمیاں پیدا ہوئی تھیں وہ اب ختم ہو جائیں گی اور دونوں کے تعقلقات معمول پر آ جائیں گے۔

دوسری طرف سپاٹ فکنسگ سکینڈل کی زد میں پاکستانی ٹیسٹ کپتان سلمان بٹ نے اپنے اوپر لگائی گئی عارضی پابندی کے خلاف اپیل دائر کر دی ہے، بین الاقوامی کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ انہیں منگل کو یہ اپیل موصول ہوئی۔ اس سکینڈل میں ملوث دیگردو پاکستانی کھلاڑی محمد آصف اور محمد عامر نے ابھی تک ایسی کوئی بھی اپیل دائر نہیں کروائی ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں