1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’اسٹار وارز‘ کا جنون، نئی فلم سے قبل ہی بے تاب نگاہیں

عاطف توقیر12 دسمبر 2015

ہالی وڈ کے معروف فلمی سلسلے ’اسٹار وارز‘ کی نئی فلم جلد ہی نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہے، تاہم نئی فلم کی ریلیز کے لیے دنیا بھر میں لاکھوں فلم بین بے تابی سے اس کا انتظار کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1HMJp
USA Star Wars Prinzessin Leia goldener Bikini bei Madame Tussauds in London
تصویر: Getty Images/S. C. Wilson

ایک دور تھا کہ پاپ کلچر پہلی مرتبہ فلموں کی زینت بنا اور بے پناہ مقبولیت حاصل کی۔ اس کے چالیس برس بعد ویسی ہی مقبولیت اور شہرت ’اسٹار وارز‘ کو حاصل ہوئی۔ اس بلاک بسٹر سلسلے کی سلسلے کی نئی فلم اگلے ہفتے ریلیز ہو رہی ہے۔

اس فلم کے کرداروں ہان سولو، شہزادی لیا اور لیوک سکائی واکر کے لاکھوں مداح اس نئی فلم میں اپنے پسندیدہ کرداروں کو پردہء سیمیں پر دیکھنے کے لیے دن، گھنٹے اور منٹ گن رہے ہیں۔ جورج لُوکس کی اس شہرہ آفاق تخلیقی سلسلے کی نئی فلم ’اسٹار وارز، دی فورسز اویکنز‘ یا ’ستاروں کی جنگ، قوت بیدار ہوتی ہے‘ کے نام سے سامنے آ رہی ہے۔

پیر کے روز اس فلم کا پریمیئر لاس اینجلس میں ہو گا، جہاں اس فلم کے ستارے اس فلم کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔ عالمی سطح پر یہ فلم بدھ کے روز فرانس اور بیلجیم سمیت درجنوں ممالک میں پیش کی جائے گی، جب کہ امریکی سینما گھروں میں اس فلم کو جمعے کے روز نمائش کے لیے باقاعدہ طور پر پیش کیا جائے گا۔

USA Star Wars-Produkte in New York
دنیا بھر میں اس فلم کے لاکھوں مداح ہیںتصویر: picture-alliance/dpa/C. Horsten

سن 1977ء میں اس سلسلے کی پہلی فلم منظرعام پر آئی تھی اور تب سے اب تک کئی نسلیں اس فلم اور اس کے کرداروں کی مداح ہیں۔ پہلی فلم میں اسٹار وارز فورسز کے کردار جیڈی نائٹس، ڈارتھ ویڈر اور ووکیز سامنے آئے تھے۔

اس فلم میں اچھے اور برے کی لڑائی، دوستی اور خلوص کی داستان اور محبت کے آفاف رنگوں سے اس سلسلے کی فلمیں غیرمعمولی کامیابی سے ہمکنار ہوتی رہی ہیں۔

اس فلم کے 70 امریکی ’سپر فینز‘ تو ایسے ہیں، جو پانچ ہزار ڈالر ادا کر کےبدھ کے روز پیرس پہنچ کر یہ فلم دیکھیں گے، کیوں کہ امریکا میں یہ فلم جمعے کو عوام کے لیے پیش کی جائے گی۔ بعض فینز لاس اینجلس سے پیرس کے ہوائی اڈے تک پھر وہاں سے قریبی سینما تک جا کر فلم دیکھ کر بغیر رکے واپسی کا سفر طے کریں گے۔ یعنی مجموعی طور پر ان فینز کو صرف یہ فلم دیکھنے کے لیے 18 ہزار کلومیٹر کا فاصلہ طےکرنا ہو گا۔