1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسلام آباد میں خودکش حملہ، دو افراد ہلاک

2 دسمبر 2009

پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد میں بحری فوج کے ہیڈکوارٹر کے مین گیٹ پر ہونے والے ایک خودکش بم حملے میں کم از کم دو افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/Kp4x
تصویر: picture-alliance/ dpa

پاکستان بحریہ کا ہیڈ کوارٹر اسلام آباد کے سیکٹر E-8 میں تقریباً ڈیڑھ مربع کلو میٹر پر پھیلا ہوا ہے اوربحریہ کے حساس ترین یعنی اعلیٰ قیادت اورانتظامی شعبے کے دفاتر بھی اس سیکٹر کے تقریباً مرکز میں ہیں۔ سیکٹر میں داخلے کے لئے مین گیٹ مصروف ترین مارگلہ روڈ پرواقع ہے، جو کہ اصل نیول ہیڈ کوارٹر سے تقریباً ایک کلومیٹر دور ہے۔ بحریہ سکول ،کالج اور بحریہ ہسپتال گیٹ کے نسبتاً قریب واقع ہے اور خودکش حملہ آور کا ہدف بھی غالباً بحریہ سکول تھا۔ واقعے کے عینی شاہد منور احمد ورک جوکہ سکول میں زیر تعلیم اپنے بچوں کی چھٹی کے انتظارمیں موقع پرموجود تھے، نے ڈوئچےویلے کوبتایا:

’’ایک چودہ پندرہ سالہ لڑکا ڈھیلے ڈھالے اندازمیں جیکٹ میں ملبوس ویگن سے اتر کر سیکیورٹی اہلکاروں کی طرف گیا ہے۔ سیکیورٹی والے عموماً بچوں سمیت ہر ایک کی تلاشی لیتے ہیں اوربعض اوقات بچوں کے بیگ بھی چیک کرتے ہیں۔ وہ گیٹ سے گزر رہا تھا، اس خودکش حملہ آور کو تلاشی کے لئے جب روکا گیا تو اس نے اپنے آپ کو دھماکے سے اڑا دیا۔ اس طرح تلاشی لینے والا سیکیورٹی اہلکاربھی جاں بحق ہوگیا۔ چونکہ حملے کے وقت گیٹ پر کم لوگ موجود تھے اور زیادہ رش بھی نہیں تھا اس لئے نقصانات کم ہوئے ہیں۔‘‘

تازہ ترین خودکش حملے کی واردات سے ظاہر ہوتا ہے کہ تحریک طالبان پاکستان اور ایسے ہی دوسرے گروپوں سے تعلق رکھنے والے تربیت یافتہ حملہ آور اب بھی راولپنڈی اور اسلام آباد میں اہم اور حساس مقامات کی تلاش میں ہیں۔

خیال رہے کہ دونوں شہروں میں اس سال آٹھ خودکش حملے ہوچکے ہیں جبکہ دو حملے انتہائی حساس شمار کئے جانے والے مقامات یعنی جنرل ہیڈ کوارٹر اور نیول ہیڈ کوارٹر پر ہوئے ہیں۔ اکتوبر کے مہینے میں دہشت گردوں نے جنرل ہیڈ کوارٹر پر حملہ آور ہو کر 42 کے قریب افراد کو یرغمال بنا کر پاکستان سمیت پوری دنیا کو سکتے میں ڈال دیا تھا اور ایسا لگتا ہے کہ نیول ہیڈ کوارٹرکے قریب خودکش کارروائی کے ذریعے بھی دہشت گردوں نے سرکاری مشینری کے خلاف اپنے عزائم کا اعادہ کیا ہے۔

رپورٹ : امتیازگل، اسلام آباد

ادارت : عاطف توقیر