1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسرائیلی جنگلات میں آگ، 40 افراد ہلاک

2 دسمبر 2010

اسرائیل کے شمالی علاقے میں جنگلات میں بھڑکنے والی آگ کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد کم ازکم چالیس ہوگئی ہے۔ حکام نے آگ پر قابو پانے کے لئے اٹلی، روس، قبرص اور یونان سے مدد طلب کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/QOYT
تصویر: dpa

اسرائیل کی تاریخ کی بدترین جنگلاتی آگ کو بجھانے کی کوششیں جاری ہیں تاہم حکام نے کہا ہے کہ وہ اس حوالے سے کسی وقت کا تعین نہیں کر سکتے ہیں کہ کب آگ پر قابو پایا جا سکے گا۔ اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے اس آگ کو 'ایک آفت' قرار دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا، 'یہ ایک اسی آفت ہے، جس سے ہم ابھی تک بے خبر تھے۔'

یہ آگ اسرائیل کے بندر گاہی شہر ہائفہ کے جنوب مشرقی علاقے میں واقع کوہ کرمل کے جنگلات میں بھڑکی، جس نے پلک جھپکتے ہی ارد گرد کے علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس آگ پر قابو پانے کے لئے قبرص اور یونان نے امدادی ہیلی کاپٹر روانہ کر دئے ہیں۔ دوسری طرف اسرائیلی فائر فائٹرز، فوج اور سول ڈیفنس کے ادارے آگ بجھانے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں لیکن اس حوالے سے ابھی تک کوئی کامیابی حاصل نہیں کر سکے۔

Benjamin Netanyahu Wikileaks veröffentlicht Dokumente US Außenpolitik
وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے اس آگ کو 'ایک آفت' قرار دے دیا ہےتصویر: AP

ہائفہ کے فائر فائٹرز کے سربراہ نے جرمن خبررساں ادارے ڈی پی اے کو بتایا، 'ہم آگ پر قابو پانے میں ناکام ہو چکے ہیں۔' پبلک سکیورٹی کے وزیر Yitzhak Aharonovich نے اعتراف کیا ہےکہ یہ بتانا ناممکن ہے کہ آگ پر قابو کب پایا جا سکے گا۔ اس آگ کے نتیجے میں بائیس افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی گئی ہے جبکہ دیگر اطلاعات کے مطابق ہلاک شدگان کی تعداد کم ازکم چالیس ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے جیل محافظ تھے، جنہیں ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ وہ آگ کی لپیٹ میں آنے والی دامون نامی جیل سے پانچ سو قیدیوں کو محفوظ جگہوں پر منتقل کریں۔ پچاس محافظ ایک بس میں سوار تھے کہ اسے آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق اس بس میں سوار زیادہ تر محافظ جھلس کر ہلاک ہو گئے۔

متاثرہ علاقے میں ہنگامی صوتحال کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔ مقامی حکام نے کئی دیہات خالی کرا لئے ہیں جبکہ متاثرہ علاقوں کا تل ابیب سے زمینی راستہ منقطع ہو گیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق 'پورا کا پورا کوہ کرمل آگ میں لپٹا ہوا ہے۔'

اگرچہ گزشتہ ایک دہائی میں متعدد مرتبہ اسرائیلی جنگلات میں آگ بھڑکتی رہی ہے تاہم اس حالیہ آگ کو ملک کی بدترین آگ قرار دیا جا رہا ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق جمعرات کی رات تک اس آگ کے نتیجے میں سات ہزار ایکڑ رقبہ تباہ ہو چکا ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں