1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسامہ کے ٹھکانے سے پاکستان کی آگاہی ثابت نہیں ہوئی، گیٹس

19 مئی 2011

امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے کہا ہے کہ ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کی موجودگی سے پاکستانی قیادت کی آگاہی کے حوالے سے ثبوت دستیاب نہیں۔ انہوں نے اس تناظر میں اسلام آباد حکومت کے خلاف سخت اقدامات سے بھی خبردار کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/11JMy
تصویر: dapd

امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے پینٹا گون میں نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ انہیں قطعی ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا، جس سے ثابت ہو کہ اعلیٰ پاکستانی قیادت ایبٹ آباد آپریشن سے پہلے اسامہ بن لادن کے ٹھکانے سے آگاہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ دراصل انہیں کچھ ایسے ثبوت ملے ہیں، جن سے ایسی باتوں کی تردید ہوتی ہے۔

گیٹس نے کہا، ’اگر پاکستان کی اعلیٰ قیادت بن لادن کے ٹھکانے سے ناواقف تھی، تو ان کا احتساب کرنا مشکل ہے۔‘

دہشت گرد گروہ القاعدہ کا سربراہ اسامہ بن لادن پاکستان کے شہر ایبٹ آباد میں امریکی فورسز کے خفیہ آپریشن میں مارا گیا تھا۔ اس واقعے سے پاکستانی فوج اور خفیہ ایجنسیوں کو ندامت اٹھانی پڑی جبکہ امریکی کانگریس کے بعض ارکان نے اسلام آباد کے خلاف سخت رویہ اپنانے کا مطالبہ کیا تھا۔

تاہم رابرٹ گیٹس اور چیئرمین آف دی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف مائیک مولن، دونوں نے ہی کہا ہے کہ ایبٹ آباد کی کارروائی کی پاکستان کو بھاری قیمت چکانی پڑی ہے۔ انہوں نے ایسے کسی بھی اقدام سے خبردار کیا ہے، جس کے نتیجے میں دونوں ملکوں کے تعلقات کو نقصان پہنچے یا پاکستان کے لیے امداد کا سلسلہ رکے۔

مولن نے کہا کہ پاکستان کے خلاف کسی قسم کی سخت کارروائی اور امداد کی معطلی سے تعلقات خراب ہو سکتے ہیں۔

Gates.jpg
امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹستصویر: AP

رابرٹ گیٹس کا کہنا ہے، ’اگر میں پاکستان کی جگہ پر ہوتا، تو میں یہی کہتا کہ میں پہلے ہی قیمت ادا کر چکا ہوں۔ میں نے پشیمانی اٹھائی ہے۔ مجھے یہ دکھا دیا گیا ہے کہ امریکی یہاں بلاخوف آ کر کارروائی کر سکتے ہیں۔‘

مائیک مولن نے کہا، ’میرا نہیں خیال کہ ہم اس پریشان کن تجربے کو کم تر قرار دے سکتے ہیں۔‘

انہوں نے زور دیا کہ پاکستانی فوج اپنی پوزیشن کا جائزہ لے رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا، ’ان کا امیج خراب ہوا ہے اور انہیں اس کی بہت فکر ہے۔ وہ ایسی فوج ہے جسے خود پر فخر ہے۔‘

گیٹس کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکام نے القاعدہ اور افغان انتہاپسند رہنماؤں کا خود پیچھا کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے اور امریکہ کو ایبٹ آباد طرز کے کسی حملے سے باز رہنے کے لیے خبردار کیا ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبر رساں ادارے

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں