1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسامہ کا پتہ لگانے میں ناکامی سب کی غلطی ہے، گیلانی

5 مئی 2011

بین الاقوامی دباؤ اور تنقید کے تناظر میں پاکستان کے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اسامہ بن لادن کا پتہ لگانے میں ناکامی کا الزام صرف پاکستان پر نہیں رکھا جا سکتا۔

https://p.dw.com/p/119EA
پاکستانی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانیتصویر: DW

سید یوسف رضا گیلانی نے دورہ فرانس کے موقع پر پیرس میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ امریکہ سمیت پوری دنیا اس ناکامی کی ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہا، ’انٹیلی جنس کی ناکامی کے لیے پوری دنیا ذمہ دار ہے، صرف پاکستان نہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی کے خاتمے کے لیے دنیا کی معاونت درکار ہے۔ پاکستانی وزیر اعظم کا کہنا تھا، ’ہم دہشت گردی اور انتہاپسندی پر قابو پانے کے لیے لڑ رہے ہیں اور اس کی بھاری قیمت چُکا رہے ہیں۔ صرف پاکستان کے لیے نہیں بلکہ عالمی امن، خوشحالی اور ترقی کے لیے لڑ رہے ہیں۔‘

اسلام آباد حکومت کا کہنا ہے کہ وہ شدت پسندوں کو محفوظ ٹھکانے فراہم نہیں کرتی۔ خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پاکستانی انٹیلی جنس حکام کا کہنا ہے کہ ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کے رہائشی کمپاؤنڈ پر 2003ء میں چھاپہ مارا گیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ اس وقت وہ کمپاؤنڈ زیرتعمیر تھا جبکہ کارروائی کا مقصد القاعدہ کے رہنما ابو فرج الليبی کی گرفتاری تھا، جسے اس کے دو برس بعد گرفتار کیا گیا۔ انٹیلی جنس حکام کے مطابق آئی ایس آئی کو اس بات کا پتہ نہیں چلا کہ بعد ازاں اسامہ وہاں جا بسا۔

Schlafzimmer Osama Bin Laden
اسامہ بن لادن کو امریکی کمانڈوز نے ہلاک کیاتصویر: dapd/ABC News

اے ایف پی کے مطابق پاکستانی سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر نے ایک برطانوی نشریاتی ادارے کے ساتھ بات چیت میں کہا ہے کہ آئی ایس آئی نے تقریباﹰ دو برس پہلے امریکہ کو اس کمپاؤنڈ کے حوالے سے اپنی تشویش سے آگاہ کر دیا تھا۔

سلمان بشیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس وقت اسامہ کے وہاں موجود ہونے کی خبر نہیں تھی بلکہ اس کی ممکنہ رہائش کے حوالے سے لاکھوں مقامات مشتبہ تھے۔

خیال رہے کہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں ڈرون حملوں اور سی آئی اے کے کانٹریکٹر ریمنڈ ڈیوس کی گرفتاری پر اسلام آباد اور واشنگٹن حکومتوں کے درمیان سفارتی محاذ آرائی شروع ہوئی۔ باہمی تعلقات کی فضا بہتر بنانے کی کوششیں جاری تھیں کہ ایسے میں اسامہ بن لادن کی ہلاکت کا واقعہ سامنے آ گیا ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں