1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اجتماعی جنسی حملے، جرمن شہر میں میئر اور پولیس کی گفتگو

عاطف توقیر5 جنوری 2016

جرمن شہر کولون میں نئے سال کے آغاز کی شام مرکزی ٹرین اسٹیشن پر متعدد خواتین پر جنسی حملوں کے تناظر میں منگل کے روز شہر کی خاتون میئر اور پولیس حکام کے درمیان ہنگامی بات چیت ہوئی۔

https://p.dw.com/p/1HYTM
Köln Hauptbahnhof Vorplatz Dom
تصویر: picture-alliance/dpa/O. Berg

نئے سال کے موقع پر ان واقعات نے جرمن شہریوں اور حکام کو حیران کر دیا ہے۔ کولون شہر کی میئر ہینریٹے ریکر ہیں، جو اکتوبر میں بین الاقوامی خبروں کا مرکز اس وقت بنی تھیں، جب انتخابی مہم کے دوران ان پر مہاجرین مخالف نظریات رکھنے والے ایک شخص نے چاقو سے حملہ کر دیا تھا، جس میں وہ زخمی ہو گئی تھیں۔ مہاجرین کے حق میں موقف رکھنے والی ریکر وفاقی اور مقامی پولیس کے سینیئر عہدیداروں سے ان حملوں سے متعلق ملاقات کر رہی ہیں۔

پولیس کو اس ایک روز پیش آنے والے واقعات کے تناظر میں جنسی زیادتی کی ایک اور جنسی حملوں کی 60 شکایات موصول ہوئی ہیں۔

متاثرہ خواتین کے مطابق اس حملے میں قریب ایک ہزار مردوں کا ایک گروپ تھا، جو کولون شہر کے مرکزی اسٹیشن پر خواتین پر جنسی حملوں کا مرتکب ہوا۔ ان خواتین کا کہنا ہے کہ یہ حملہ آور ’عرب یا شمالی افریقی خطے‘ کے تھے۔ پولیس چیف وولف گانگ البیرز کے مطابق اس سلسلے میں تفتیش جاری ہے۔

Köln Hauptbahnhof Vorplatz
اس واقعے سے جرمنی میں عوام دھچکے کا شکار ہوئے ہیںتصویر: Reuters/W. Rattay

متاثرہ خواتین کے مطابق یہ آدمی چھوٹے چھوٹے گروپوں کی صورت میں آتے تھے اور کسی لڑکی کے گرد گھیرا ڈال کر ان پر جنسی حملے کے ساتھ ساتھ ان سے قیمتی چیزیں چھیننے جیسی وارداتوں میں ملوث رہے۔

پولیس کو توقع ہے کہ مزید خواتین اس سلسلے میں شکایت کے ساتھ سامنے آئیں گی۔ جمعے کے روز موقع واردات سے پانچ افراد کو حراست میں بھی لیا گیا تھا۔

اس واقعے کے بعد جرمنی میں مہاجرین کے سیلاب کے حوالے سے پہلے سے موجود خدشات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

میئر کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک پیغام میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ شہری انتظامیہ کسی بھی صورت کسی بھی علاقے کو ’لاقانونیت‘ کا شکار نہیں ہونے دے گی۔ ادھر جرمن میڈیا جائے واقع پر پولیس اہلکاروں کی کم تعداد اور اس واقعے کی وجہ سے ’لاقانونیت کا شکار علاقہ‘ جیسی اصلاحات کا استعمال کر رہا ہے۔

میئر کے دفتر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس سلسلے میں شہری انتظامیہ ایک مکمل منصوبہ وضع کرے گی، تاکہ شہر کے ہر ہر علاقے میں سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے اور خصوصاﹰ اگلے ماہ منعقدہ مشہور مقامی فیسٹیول ’کولون کارنیوال‘ کے موقع پر۔