1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آپریشن مشترک ختم لیکن ہلمند عوام کے مسائل نہیں

17 مارچ 2010

افغانستان کے صوبے ہلمند میں اگرچہ آپریشن مشترک ایک ماہ قبل ختم کر دیا گیا لیکن اس دوران مارے جانے والے اور بے گھر ہوجانے والے لوگوں کی صحیح تعداد ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

https://p.dw.com/p/MUk1
تصویر: AP

مشترک دری زبان کا لفظ ہے اور افغانستان کے جنوبی علاقے ہلمند میں چونکہ افغانستان اور نیٹو کی فورسز نے طالبان کے خلاف مل کر کارروائی کی تھی اس لئے اسے آپریشن مشترک کا نام دیا گیا۔ اس دوران ہزاروں لوگ مرجا کے علاقے سے بھاگ گئے تھے اور ان افغان باشندوں کے مطابق اس آپریشن کو کامیاب قرار نہیں دیا جا سکتا۔

Afghanistan Militäroffensive
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ طالبان کے خلاف کارروائی اسی وقت کامیاب ہو سکتی ہے جب پولیس اور فوج زیادہ عرصے تک یہاں موجود رہیںتصویر: AP

ایک افغان شہری عبدالرحمان نے اس آپریشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا، ’بہت سے لوگ اور میڈیا کہتا ہے کہ آپریشن ختم ہو گیا ہے لیکن حکومت اور آئی سیف ابھی تک علاقے کو کلیئر نہیں کرا سکی۔ طالبان ابھی بھی گلیوں میں مسلحہ دندناتے پھر رہے ہیں۔‘

ایک دوسرے افغان شہری عبداللہ کا بھی یہ ہی خیال ہے کہ یہ آپریشن ناکامی سے دوچار ہواہے۔ ’’امریکی فوجی دن کو بارودی سرنگیں صاف کرتے ہیں اور طالبان رات کو آکر نئی بارودی سرنگیں بچھا دیتے ہیں اور یہ سلسلہ جاری ہے۔‘‘

صحافی مشتبر کے مطابق ہلمند میں آپریشن مشترک کوئی اپنی نوعیت کی پہلی کارروائی نہیں ہے، پہلے بھی اس قسم کی کارروائیاں ہوئی ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ آپریشن کے بعد غیرملکی اداروں نے جو اسکول تعمیر کروائے تھے وہ طالبان نے جلا دئے ہیں۔

مشتبر کا خیال ہے کہ فوجیوں کو ایسی کارروائی شروع کرنے کے بعد وہاں ٹھرنا چاہئے کیونکہ لوگ بھی یہی چاہتے ہیں۔’ حکومت یا امریکی فوج ، جو بھی یہاں آپریشن کرنے آتا ہے اسے لوگوں کی مدد کرنے کے لئے یہاں رکنا چاہیئے۔ کیونکہ مقامی آبادی کو ہروقت یہ خوف ہوتا ہے کہ طالبان دوبارہ آ کر انہیں مار دیں گے۔ ‘

ein Jahr Obama Flash-Galerie
بیشتر افغان باشندوں کے مطابق آپریشن مشترک کو کامیاب قرار نہیں دیا جا سکتا ہےتصویر: AP

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ طالبان کے خلاف کارروائی اسی وقت کامیاب ہو سکتی ہے جب پولیس اور فوج زیادہ عرصے تک یہاں موجود رہیں۔ اور یہی اس بات کا ثبوت ہوگا کہ افغان حکومت، غیرملکی فوجیں اور پولیس واقعی مشترکہ طور پر ہلمند میں قیام امن کے لئے کوشش کر رہی ہیں۔

رپورٹ: تھوماس بیرتھ لائن /بخت زمان

ادارت: کشور مصطفیٰ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں