1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلیا نے پاکستان کو150رنز سے شکست دے دی

16 جولائی 2010

پاکستان اور آسٹریلیا کی قومی ٹیموں کے مابین لارڈز کے میدان میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز جمعے کے دن آسٹریلیا نے پاکستان کو150 رنز سے شکست دے دی اور دومیچوں کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل کر لی۔

https://p.dw.com/p/ONgx
آسٹریلیا نے پاکستان کو150 رنز سے شکست دے دیتصویر: AP

پاکستانی ٹیم کو چوتھی اننگز میں آسٹریلیا کی جانب سے فتح کے لئے 440 رنز کا ہدف دیا گیا تھا مگر اس ٹارگٹ کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم میچ کے چوتھے ہی روز 289 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے سپنر نارتھ نے18.1 اوورز میں 55 رنز دے کر چھ وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ سمتھ نے 51 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ہلفن ہاؤس 37 دے کر ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

پاکستانی ٹیم کی طرف سے اس کی دوسری اننگز میں سب سے کامیاب بیٹسمین اوپنر سلمان بٹ رہے، جنہوں نے 92 رنز بنائے اور وہ نارتھ کی گیند پر وکٹ کیپر Paine کے ہاتھوں سٹمپ ہو گئے۔

پاکستان کی دوسری اننگز میں آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی اوپنر عمران فرحت تھے، جو اس میچ کے تیسرے روز 24 رنز بنا کر سمتھ کی گیند پر واٹسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے تھے۔

تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر پاکستان کا سکور ایک وکٹ پر 114 رنز تھا اور چوتھے روز پاکستان کی دوسری وکٹ اس وقت گری جب اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے اظہر علی 42 رنز بنا کر ہلفن ہاؤس کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔

پاکستانی ٹیم کو تیسرا نقصان اس برداشت کرنا پڑا جب کامیاب اوپنر سلمان بٹ 14 چوکوں کی مدد سے 92 رنز بنا کر واپس پویلین کی طرف لوٹ گئے۔ پاکستان کی چوتھی وکٹ اُس وقت گری جب عمر اکمل 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

227رنز کے مجموعی سکور پر پاکستان کی پانچویں وکٹ تب گری جب چوتھے نمبر پر کھیلنے والے نوجوان بیٹسمین عمر امین 33 رنز بنا کر ایم جے نارتھ کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے محض دو رنز بعد 229 کے مجموعی سکور پر پاکستانی کپتان شاہد آفریدی بھی آؤٹ ہو گئے۔ ان کا ذاتی سکور صرف دو رنز تھا اور انہیں بھی نارتھ نے آؤٹ کیا۔

Shahid Afridi
شاہد آفریدی نیٹ پریکٹس کے دورانتصویر: AP

شاہد آفریدی کے آؤٹ ہونے کے بعد باقی پاکستانی کھلاڑیوں میں سے کامران اکمل نے 46 رنز بنائے، محمد عامر 19 کے ذاتی سکور پر واپس پویلین بھجوا دئے گئے اور پاکستان کی طرف سے آؤٹ ہونے والے نویں کھلاڑی عمر گل تھے جو محض نے ایک رن بنا سکے۔ آخری کھلاڑی دانش کنیریا تھے، جن کے دو رنز پر نارتھ کی گیند پر پونٹنگ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہونے کے ساتھ ہی پاکستان کی پوری ٹیم 91.1 اوورز میں 289 پر آؤٹ ہو گئی اور یوں آسٹریلیا نے موجودہ ٹیسٹ سیریز کا یہ پہلا میچ 150 رنز سے جیت لیا۔

میچ کے تیسرے روز کھانے کے وقفے کے بعد آسٹریلوی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 364 رنز بنا پائی تھی اور پہلی اننگز کے سکور میں آسٹریلیا کی پاکستان پر سبقت کے باعث پاکستان کو یہ میچ جیتنے کے لئے کل 440 رنز کا ٹارگٹ دیا گیا تھا، جو اتنا مشکل ثابت ہوا کہ آسٹریلیا نے یہ ٹیسٹ چوتھے روز ہی اپنے نام کر لیا۔

آسٹریلیا کی دوسری اننگز کی خاص بات اوپنر سائمن کیٹچ اور آخری نمبر پر آنے والے بلے بازوں ٹم پین اور ہلفن ہاؤس کی عمدہ بیٹنگ تھی۔ کیٹچ 83 اور Paine سینتالیس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ہلفن ہاؤس ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی نصف سنچری مکمل کرنے میں کامیاب رہے اور 56 کے ذاتی سکور پر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی دوسری اننگز میں سب سے کامیاب پاکستانی بولر عمرگل رہے تھے، جنہوں نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ محمد آصف نے تین اور دانش کنیریا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایک وکٹ شاہد آفریدی کے حصے میں آئی۔

اس میچ میں آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 253 رنز بنائے تھے جبکہ پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 148 کے مجموعی سکور پر ڈھیر ہو گئی تھی۔ یوں پاکستان کو یہ ٹیسٹ جیتنے کے لئے دئے گئے ہدف میں آسٹریلیا کی پاکستان پر پہلی اننگز میں 105 رنز کی سبقت بھی شامل تھی۔

لارڈز میں میدان میں جمعے کو پاکستان کی آسٹریلیا کے ہاتھوں مسلسل 13ویں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ نے سٹار بیٹسمین محمد یوسف کو دورہء انگلینڈ کے لئے طلب کر لیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ نے محمد یوسف کو اپنا ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لینےکے لئے کہا، جس کے بعد یوسف اپنا گزشتہ فیصلہ تبدیل کرنے پر آمادہ ہو گئے۔

محمد یوسف پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ دورہء آسٹریلیا کے بعد غیر معینہ مدت کے لئے پابندی لگا دی تھی۔ خود پر پابندی کے اسی فیصلے کے خلاف محمد یوسف نے احتجاجاﹰ ہر قسم کی کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔

لارڈز ٹیسٹ میں پاکستان کی طرف سے سلمان بٹ کو مین آف دی میچ جبکہ آسٹریلیا کی طرف سے سائمن کیٹچ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 21 جولائی سے شروع ہو گا۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: سائرہ حسن

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید