1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلیا میں سنکھیا کے باعث کیٹل فارم بند

12 جون 2011

آسٹریلیا میں حکام نے مویشیوں کے ایک دور دراز فارم پر رہنے والے افراد اور وہاں موجود مہمانوں کو متعدد افراد کے خون میں سنکھیا کی بہت اونچی شرح کی تصدیق کے بعد وہاں سے رخصتی کا حکم دے دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/11Z6j
ایک خاص قسم کا مہلک بیکٹیریا جو زیادہ تر سنکھیا کو اپنی خوراک بناتا ہےتصویر: picture-alliance/dpa

سڈنی سے موصولہ رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ آسٹریلیا کے شمالی علاقے کہلانے والے حصے میں صحت عامہ کے ذمہ دار حکام نے Mount Bundy Station نامی علاقے کو ممنوعہ خطہ قرار دے دیا ہے، جس کے بعد اس اسٹیشن کے تمام 140 مکینوں کو اب یہ علاقہ جلد از جلد خالی کرنا ہے۔

یہ علاقہ آسٹریلیا کے شہر ڈارون سے 130 کلو میٹر جنوب کی طرف واقع ہے۔ ڈارون کی پولیس کمانڈر کِم ڈیوس کے مطابق اس کیٹل فارم پر موجود افراد کے وہاں سے انخلاء کا فیصلہ احتیاطی طور پر کیا گیا ہے تاکہ کسی کی بھی جان خطرے میں نہ رہے۔

NASA Bakterien Arsen
امریکی ریاست کیلی فورنیا کی ایک جھیل کے کنارے سے سنکھیا کی موجودگی کا پتہ چلانے کے لیے حاصل کیے جانے والے نمونے، فائل فوٹوتصویر: picture-alliance/dpa

ماؤنٹ بنڈی اسٹیشن کا رہنے والا ایک سترہ سالہ لڑکا مئی میں نامعلوم وجوہات کی بناء پر ہلاک ہو گیا تھا۔ تازہ واقعات کی روشنی میں حکام کا خیال ہے کہ اس کی موت خون میں Arsenic کی بہت زیادہ مقدارکی وجہ سے ہوئی تھی۔ اب اس اسٹیشن کے رہائشی آٹھ دیگر افراد کے خون میں بھی سنکھیا کی بہت شرح پائی گئی ہے، جو ایک انتہائی زہریلا عنصر ہے۔ اس پر اس cattle station کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

پولیس کمشنر ڈیوس کے مطابق جب تک وہاں مقیم متعدد افراد کے خون میں سنکھیا کی بہت اونچی شرح کی وجوہات کا تعین نہیں ہو جاتا، تب تک یہ اسٹیشن بند رہے گا۔ طبی ماہرین کے مطابق کسی انسان کے خون میں ایسے زہریلے عنصر کی بہت زیادہ شرح یکدم دیکھنے میں نہیں آتی بلکہ اس کے لیے کسی بھی انسان کا اس زہریلے مادے کے ساتھ طویل عرصے تک رابطے میں رہنا لازمی ہوتا ہے۔

دنیا کے بہت سے ملکوں میں سنکھیا ایک قدرتی عنصر کے طور پر پایا جاتا ہے اور اس کی وجہ سے انسانی جسم پر زہریلے اثرات زیادہ تر دل کی بیماریوں کا سبب بننے کے علاوہ جگر، گردوں اور جلد کے سرطان کا باعث بھی بنتے ہیں۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں