1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلیا بھارت ٹیسٹ کرکٹ سیریز

Qureshi, Abid Hussain2 اکتوبر 2008

بھارت کی کرکٹ ٹیم آج کے دور میں خاصی متوازن خیال کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب آسٹریلیا کو ٹیسٹ اور ایک روز کرکٹ کی بہترین ٹیم تصور کی جاتی ہے۔ نو اکتوبر سے شروع ہونے والی سیریز اِس صورت حال کا ٹیسٹ خیال کیا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/FSVE
آسٹریلیوی کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرنے والے بھارتی کرکٹ بورڈ کا لوگو

بھارت اور آسٹریلیا کے دورمیان اِس سال کی ٹیسٹ کرکٹ سیریز اِس ماہ کی نو یا ٹھیک ایک ہفتے کے بعد شروع ہو رہی ہے۔ پہلا ٹیسٹ میچ بینگلور شہر میں کھیلا جا رہا ہے۔

آسٹریلیا کے خلاف پہلے دو ٹیسٹ میچوں کے لئے بھارتی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔ بھارتی ٹیم میں مڈل آرڈز بیٹنگ میں چار مشہور اور تجربہ کار بلےباز پندرہ کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ یہ چار کھلاڑی عالمی کرکٹ کے منظر نامے پر Fab Four کے حوالے سے مشہور ہیں۔ اِن میں سچن ٹنڈولکر، راہول ڈراوڈ، وانگی پرپو لکشمن اور سارو گنگولی ہیں۔ بھارت میں پچھلی سیریز میں گنگولی کپتان تھے اور تب بھارت کو سیریز میں فتح مندی حاصل ہو ئی تھی۔ یہ سیریز سن دو ہزار ایک میں کھیلی گئی تھی۔ گنگولی نوجوان اور ہونہار بلے باز سبرا منیم بدری ناتھ کی جگہ چھٹے مقام پر کھیلیں گے۔

Anil Kumble
بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان انیل کمبلےتصویر: AP

یوراج سنگھ، آکاش چوپڑا اور محمد کیف سلیکٹرز کی نگاہ میں جگہ حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ باؤلنگ میں نئے باؤلر امیت مشرا کو شامل کیا گیا ہے۔ انیل کملبے کے ساتھ ہر بھجن سنگھ بھی موجود ہیں۔ پندرہ کھلاڑیوں میں تین سپن باؤلر ہیں جن کے نام آپ پڑھ چکے ہیں۔

Sourav Ganguly
سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی۔ کیا آسٹریلیا کے خلاف موجودہ ٹیسٹ سیریز اُن کی آخری سیریز ہے؟تصویر: AP

تیز باولنگ کے شعبے میں چار باؤلر منتخب کئے گئے ہیں۔ اِن میں تجربہ کار ظہیر خان کے ساتھ موسیٰ مناف پٹیل، ایشانت شرما اور رُدرو پرتاپ سنگھ شامل ہیں۔ عثمان پٹھان اور عرفان پٹھان بھی ٹیسٹ کے لئے طلب نہیں کئے گئے ہیں۔ ویسے اِن پر اب یہ لیبل لگ گیا ہے کہ وہ ایک روزہ میچوں کے عمدہ کھلاڑی ہیں۔

ماہرین کا خیال ہے کہ راہول ڈراوڈ، سارو گنگولی اور لکشمن کے لئے یہ ٹیسٹ سیریز آخری بھی ہو سکتی ہے۔ اگر پہلے دونوں ٹیسٹ میچوں میں خاص طور سے ڈراوڈ اور گنگولی سکور کرنے میں ناکام رہے تو نئے ہونہار کھلاڑی اگلے دو ٹیسٹ میچوں میں شامل کئے جاسکتے ہیں۔ سبرامنیم بدری ناتھ اور رائنہ تیار بیٹھے ہیں۔ گنگولی اور ڈراوڈ اپنی فارم کے اعتبار سے پریشانی کا شکار ہیں۔ اِسی طرح یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ اِس سیریز کے دوران سچن ٹنڈولکر اپنی ریٹائر منٹ کی تاریخ کو بھی اپنی ذہن کی سلیٹ پر لکھنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔

Sachin Tendulkar Cricket Spieler Indien
ممتاز بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکرتصویر: AP

دوسری جانب آسٹریلوی ٹیم میں باؤلنگ کا شعبہ خاص طور سے کمزور دکھائی دے رہا ہے۔ گلین میگرا اور شین وارن کی عدم موجودگی میں نئے باؤلر کسی غیر معمولی کارکردگی سے ہی بھارتی بلے بازوں کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ آسٹریلوی سپن باؤلنگ کا شعبہ تو بظاہر خاصا کمزور دکھائی دیتا ہے کیونکہ نمایاں سپن باؤلر چوٹوں کا شکار ہیں اور ناتجربہ کار Jason Krejza ہی باقی بچے ہیں، اُن کے ناتجربہ کار کندھے کیا بوجھ اٹھانے کے قابل ہیں؟ اِس سوال کا جواب اگلے ہفتوں میں مل جائے گا۔