1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلیا، انگلینڈ کا پہلا T20 میچ بارش کی نذر

31 اگست 2009

انگلینڈ اور آسٹریلیا کے مابین دو ٹوئنٹی 20 میچوں کی سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا۔ انگلینڈ نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس پر آسٹریلیا نے بیس اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 145رنز سکور کئے۔

https://p.dw.com/p/JLsH
اس میچ میں آسٹریلوی بیٹسمین مائیکل ہسی صفر پر آؤٹ ہو گئےتصویر: AP

آسٹریلیا کی اننگز میں 54 رنز پر تین وکٹیں گر چکی تھیں۔ اس موقع پر کیمرون وائٹ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 36 گیندوں پر تین چھکوں کی مدد سے 55 رنز بنائے۔ کیمرون اور کپتان مائیکل کلارک کے مابین چوتھی وکٹ کی شراکت میں 78 رنز بنے، جن میں کلارک کے 27 رنز ناٹ آؤٹ شامل ہیں۔

انگلینڈ کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور میچ کی پہلی ہی گیند پر بریٹ لی نے انگلینڈ کے ایک اوپنر کو آؤٹ کر دیا۔ پہلے اوور کے اختتام پر انگلینڈ کے دو کھلاڑی واپس پیویلین جا چکے تھے۔ بارش کے باعث جب میچ بے نتیجہ ہی ختم ہوا تو 1.1 اوورز کے کھیل میں انگلینڈ نے چار رنز بنائے تھے اور اس کے دو کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے۔

ابھی چند روز قبل ہی انگلینڈ اور آسٹریلیا کے مابین ایشیز سیریز ختم ہوئی تھی جو انگلینڈ نے جیت لی تھی۔ آسٹریلیا ایشیز سیریز میں اپنی شکست کا بدلہ T20 سیریز جیت کر لینا چاہتا ہے۔ ٹوئنٹی ٹوئنٹی سیریز کا دوسرا میچ منگل کوکھیلا جائے گا، جس کے بعد دونوں ملکوں کے مابین چار تا بیس ستمبر سات ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت: مقبول ملک